ڈربی// ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے اسمرتی مندھانا (79 ناٹ آؤٹ) اور اسنیہ رانا (24/3) کی شاندار اننگز کی بدولت دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیکر سیریز برابر کر دی۔
انگلینڈ نے پہلے گیندبازی کرتے ہوئے ہندستان کو 143 رن کا ہدف دیا تھا جسے ہرمن پریت کور کی ٹیم نے 16.4 اوور میں حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کے 142 رن کے تعاقب میں مندھانا نے ہندستان کو دھماکہ خیز آغاز فراہم کیا اور شیفالی ورما (20) کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے چھ اووروں میں 55 رن جوڑے۔
شیفالی کے بعد کریز پر آنے والی دیالن ہیملتا 10 گیندوں پر نو رن بنانے کے بعد پویلین واپس چلی گئیں جس کے بعد مندھانا نے کپتان ہرمن پریت کے ساتھ مل کر ہندستان کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔ اپنی ناٹ آوٹ اننگز میں مندھانا نے 53 گیندوں پر 13 چوکوں کی مدد سے 79 رن بنائے جبکہ ہرمن پریت نے 22 گیندوں پر 29 رن کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی جس میں چار چوکے شامل تھے۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 69 رن کی شراکت داری کی اور ہندستان نے یہ میچ 20 گیندیں باقی رہتے آٹھ وکٹ سے جیت لیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 142 رن بنائے تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے فرییا کیمپ نے 37 گیندوں پر تین چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 51 رن بنائے جبکہ مایا باؤچیئر نے 26 گیندوں پر 34 رن بنائے۔
اسنیہ رانا نے انگلش بلے بازوں کو اپنی پھرکی میں پھنساکر چار اوور میں 24 رن دے کر تین وکٹ حاصل کیں، جس میں باؤچر کی وکٹ بھی شامل تھی۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے تین میچوں کی ٹی 20 سیریز ایک ایک سے برابر کر لی ہے۔ سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ جمعرات کو برسٹل میں کھیلا جائے گا۔