لندن//
بکھنگم پیلس سے موت کی خبر کا اعلان کرنے سے لے کر تدفین تک، ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کی ادائیگی کے بارے میں سب کچھ بہت تفصیل کے ساتھ بہت پہلے ہی طے ہو چکا ہے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سرکاری طور پر ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کی ادائیگی دو ہفتوں کے اندر ہی ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگی۔ہفتے والے دن ملکہ برطانیہ کا تابوت بالمور سے ایڈنبرا میں واقع ہالی رُڈ پیلس میں پہنچایاجائے گا۔
اتوار کے روز کنگ چارلس تھری ایڈنبرا کے ہالی رُڈ پیلس پہنچیں گے جہاں اُن کی حلف برداری کی تقریب ہوگی، جس کے بعد پیر کو وہ شمالی آئرلینڈ کی شاہی رہائش گاہ ہلز بورو کیسل میں شمالی آئرلینڈ کی سنیئر سیاسی قیادت سے ملیں گے۔
منگل کو ملکہ برطانیہ کے تابوت کو بکنگھم پیلس اور پھر ویسٹ منسٹر پیلس لے جایا جائے گا جہاں اگلے 5 دن تک عوام کو تعزیت کی اجازت ہوگی۔بدھ کو کنگ چارلس تھری کارڈف میں ملاقاتیں کریں گے جبکہ جمعرات کو سینیئر فوجی افسران، میٹروپولیٹن پولیس کمشنر اور گورنر جنرلز سے ملیں گے۔
ملکہ الزبتھ کی تدفین کی تیاریوں کو جمعے کو حتمی شکل دی جائے گی اور پھر اگلے روز بروز ہفتہ 17 ستمبر کو ملکہ کی متوقع طور پر تدفین ہوگی۔
ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کی ادائیگی کا آغاز دن 11 بجے ویسٹ منسٹر کے ڈین ڈیوڈ ہوئل کی سرپرستی میں کیا جائےگا، جس میں کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی خطبہ دیں گے۔