یہ انتخابی فائدے کیلئے پی ڈی پی اور بی جے پی کا مشترکہ پلان ہے :صادق
(ویب ڈیسک)
سری نگر؍۲۵ نومبر
پی ڈی پی کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے الزام لگایا ہے کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی کابینہ نے بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے پروجیکٹ بیکن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت میں توسیع کر کے شیش ناگ تک سڑک کی راہ ہموار کی تھی۔
نیشنل کانفرنس نے اس دعوے کو غلط بیانی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیش ناگ تنازعہ پی ڈی پی اور بی جے پی کا مشترکہ پلان ہے
بدھ کو ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں محبوبہ مفتی نے کہا: ’’حیرت انگیز طور پر۲۳ جنوری۲۰۲۶کو عمر عبداللہ کی قیادت والی کابینہ نے بی آر او کے پروجیکٹ بیکن کے ساتھ مفاہمتی یادداشت میں توسیع کر کے شیش ناگ تک سڑک کی راہ ہموار کی تھی۔‘‘ انہوں نے اس اقدام کو نازک ماحولیاتی نظام پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے شیش ناگ کا ماحولیاتی نظام اور امرناتھ یاترا، دونوں خطرے میں پڑ گئے ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعلیٰ اور محکمہ سیاحت اس مفاہمتی یادداشت اور دی گئی منظوری کی وضاحت کریں گے، اور کیا وہ ’’ناقابل تلافی نقصان ہونے سے پہلے‘‘ اسے واپس لیں گے۔
دوسری جانب نیشنل کانفرنس کے رہنما اور رکن اسمبلی تنویر صادق نے کہا کہ حکومت شیش ناگ سڑک منصوبے میں ماحولیاتی تحفظ کے ضوابط سے کسی بھی قسم کی انحراف کی اجازت نہیں دے گی اور کسی کو بھی علاقے کے ماحولیات کو نقصان پہنچانے نہیں دیا جائے گا۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صادق نے پی ڈی پی پر اس معاملے کو سیاسی تنازعہ بنانے کا الزام عائد کیا اور محبوبہ مفتی کے حالیہ شیش ناگ پیدل سفر پر سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ انہوں نے پہلے اس معاملے کو کیوں نہیں اٹھایا۔
صادق نے کہا کہ اس منصوبے کا آغاز۲۰۲۲ میں ہوا تھا، اس سلسلے میں مفاہمت نامے پر۲۰۲۳ میں دستخط کیے گئے اور متعلقہ منظوری۲۰۲۴ میں دی گئی، جس کے بعد کام شروع ہوا۔
ترجمان اعلیٰ نے سوال کیا، ’’محبوبہ مفتی صاحبہ۲۰۲۲‘۲۰۲۳؍اور ۲۰۲۴ میں کہاں تھیں؟ کیا اس وقت ان کے پاس پیدل سفر کرنے کے لیے جوتے نہیں تھے تاکہ وہ وہاں جاکر یہ سب دیکھ سکتیں؟‘‘
صادق نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بی جے پی اور پی ڈی پی اس معاملے کو مذہبی تقسیم کا رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہیں اور اس تنازعے کو اس طرح پیش کیا جا رہا ہے جیسے مسلمان اس منصوبے کے مخالف ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزرائے جنگلات اور ماحولیات کو ہدایت دی ہے کہ اگر منظور شدہ منصوبے سے کسی بھی قسم کی انحراف ہوئی ہے تو فوری طور پر رپورٹ پیش کی جائے تاکہ مناسب کارروائی شروع کی جا سکے۔
صادق نے کہا، ’’اگر کسی کو واقعی یہ محسوس ہوتا ہے کہ اس معاملے میں کوئی غلطی ہوئی ہے تو اسے این جی ٹی سے رجوع کرنا چاہیے، نہ کہ پیدل سفر کرکے شیش ناگ پہنچنا چاہیے۔ اسے ہائی کورٹ جانا چاہیے۔‘‘
این سی ترجما ن اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ماحولیاتی تحفظ کے ضوابط کی کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرے گی اور اس معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوششوں کی بھی مخالفت کرے گی۔










