(ایجنسیاں )
جموں؍۲۵ نومبر
جموں و کشمیر حکومت نے غریب مریضوں کے کینسر علاج کے لیے قائم ’کینسر ٹریٹمنٹ مینجمنٹ فنڈ فار پور‘ میں مالی تعاون کی شرحوں پر نظرثانی کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے ماہانہ کٹوتی کی نئی شرحیں مقرر کی ہیں۔
اس سلسلے میں محکمہ خزانہ (کوڈز ڈویژن)، سول سیکریٹریٹ جموں نے ایک سرکلر جاری کیا ہے۔
کینسر ٹریٹمنٹ مینجمنٹ فنڈ فار پور کا قیام۲۰۱۰ میں ایک حکومتی حکم نامے کے ذریعے عمل میں لایا گیا تھا، جس کا مقصد معاشی طور پر کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے کینسر کے مریضوں کو اہم مالی امداد فراہم کرنا تھا۔ اس فنڈ کے قیام کے بعد محکمہ خزانہ نے متعدد سرکلر ہدایات جاری کرتے ہوئے تمام ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران (ڈی ڈی اوز) کو گزیٹڈ اور نان گزیٹڈ ملازمین کی تنخواہوں سے رضاکارانہ بنیادوں پر ماہانہ کٹوتی یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی۔
اگرچہ آیوشمان بھارت۔پی ایم جے اے وائی سہت اسکیم کی توسیع کے نتیجے میں کینسر کے مریضوں کے داخلہ علاج کے ایک بڑے حصے کو طبی بیمہ کی سہولت حاصل ہوئی ہے، تاہم مریضوں کو او پی ڈی علاج، تشخیصی ٹیسٹوں اور ادویات کے اخراجات کے حوالے سے اب بھی بھاری مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی امداد کو موجودہ ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے محکمہ عمومی انتظامیہ نے۳۱؍اگست۲۰۲۶کے حکم نامے کے ذریعے اس میں ترمیم کی تھی۔
نظرثانی شدہ ہدایات کے مطابق کینسر علاج فنڈ کے لیے ملازمین کی تنخواہوں سے درج ذیل شرحوں پر رقم منہا کی جائے گی۔گزیٹڈ ملازمین سالانہ۴۸۰ روپے، جو ماہانہ۴۰ روپے کی قسطوں میں تنخواہ سے منہا کیے جائیں گے۔نان گزیٹڈ ملازمین سالانہ۲۴۰ روپے، جو ماہانہ۲۰ روپے کی قسطوں میں تنخواہ سے منہا کیے جائیں گے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ مقررہ رقم کم از کم نظرثانی شدہ معیار کے طور پر طے کی گئی ہے، تاہم ملازمین اپنی خواہش کے مطابق اس فنڈ میں مقررہ حد سے زیادہ رقم بھی بطور عطیہ دے سکتے ہیں۔
ڈی ڈی اوز کی جانب سے تنخواہوں سے منہا کی جانے والی رقم جموں و کشمیر بینک کی سول سیکریٹریٹ برانچ میں قائم اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائے گی۔
تمام انتظامی سیکریٹریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کو گزیٹڈ اور نان گزیٹڈ ملازمین کی تنخواہوں سے بالترتیب۴۰؍اور۲۰ روپے ماہانہ کی باقاعدہ کٹوتی فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت دیں۔
۔۔۔۔۔










