سرینگر؍۲۲؍اکتوبر
قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے جمعرات کو نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ شکست کے خوف سے پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی حکومت کے لیے ایک کڑا امتحان ثابت ہوں گے۔
بی جے پی کے ایک پروگرام کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سنیل شرما نے کہا کہ نیشنل کانفرنس جموں و کشمیر میں متبادل سیاسی نمائندگی کو ابھرنے کا موقع دینے سے گریز کر رہی ہے۔
شرمانے کہا، ’’عبداللہ خاندان کی انا، تکبر اور پنچایتی راج انتخابات منعقد کرنے سے گریز کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے۔ وہ کسی دوسرے کو عوام کی نمائندگی کرنے کا موقع نہیں دینا چاہتے، کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ نیشنل کانفرنس کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘‘
سنیل شرما نے کہا کہ حکومت بجلی، ایل پی جی سلنڈروں، روزگار اور راشن کی فراہمی سے متعلق اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات عوام کو حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کریں گے۔
قائد حزب اختلاف نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران دہشت گردی میں نمایاں کمی آئی ہے اور گزشتہ دو برسوں میں کسی بھی مقامی نوجوان نے دہشت گرد تنظیموں میں شمولیت اختیار نہیں کی۔
۔۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










