سرینگر؍۲۲؍اکتوبر
ڈویژنل کمشنر کشمیر انشل گرگ نے جمعرات کو جواہر لعل نہرو نیشنل اربن رینیول مشن (جے این این یو آر ایم) کے تحت جاری گریٹر سرینگر جامع سیوریج اسکیم کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور تمام زیرِ التوا کام ایک ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس کے دوران ڈویژنل کمشنر نے سرینگر کے نورباغ میں قائم۶۰؍ ایم ایل ڈی گندے پانی کی صفائی کے پلانٹ (ایس ٹی پی) کے مختلف اجزا کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پلانٹ کی تکمیل اور اسے فعال بنانے کے لیے باقی ماندہ کاموں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
گرگ نے اہم زیرِ التوا کاموں میں تباہ شدہ دریائی کنارے کے قریب نورباغ کے آؤٹ فال پر ہائیڈرولک گیٹ کی تنصیب، آؤٹ فال پمپنگ اسٹیشن اور اِن فلو پمپنگ اسٹیشن کے ٹرانسفارمروں کی ازسرِنو ترتیب‘۶۰ ایم ایل ڈی سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ میں رساؤ کو بند کرنے اور پلانٹ کے تمام ایجی ٹیٹروں اور ایریٹروں کی مرمت و تجدید شامل ہونے کی نشاندہی کی۔
ڈویژنل کمشنر نے این بی سی سی کو ہدایت دی کہ تمام زیرِ التوا کام ایک ماہ کے اندر مکمل کیے جائیں اور اس کے بعد منصوبہ محکمہ شہری ماحولیاتی انجینئرنگ (یو ای ای ڈی) کے حوالے کیا جائے۔
گرگ نے یو ای ای ڈی کے ایگزیکٹیو انجینئر کو مزید ہدایت دی کہ کام کی پیش رفت پر قریبی نظر رکھنے، متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر تال میل یقینی بنانے اور مقررہ مدت میں باقی ماندہ کام مکمل کرانے کے لیے ہفتے میں دو مرتبہ موقع پر جا کر معائنہ کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔(ڈی آئی پی آر)










