کوپن ہیگن، 19 اکتوبر (یو این آئی)
عالمی چیمپئن این سیَنگ اور الیکس لانیئر نے بی ڈبلیو ایف ڈنمارک اوپن 2026 میں تین گیمز تک جاری رہنے والے سنسنی خیز مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے بالترتیب خواتین اور مردوں کے سنگلز خطابات اپنے نام کر لیے۔
اولمپک بیڈمنٹن میں طلائی تمغہ جیتنے والی این کو اتوار کے روز اوڈینس میں کھیلے گئے سپر 750 فائنل میں اپنی جاپانی حریف یاماگوچی اکانے کے خلاف سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم، انہوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 21-23، 21-14، 21-18 سے کامیابی حاصل کی۔
مردوں کے سنگلز فائنل میں بھی عالمی چیمپئن لانیئر اور مقامی کھلاڑی اینڈرس اینٹونسن کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا، جس میں لانیئر نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے 21-15، 13-21، 21-13 سے جیت درج کرکے سنگلز خطاب جیتنے والے پہلے فرانسیسی کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
این دوسرے گیم میں 8-11 اور فیصلہ کن گیم میں 5-11 سے پیچھے چل رہی تھیں۔ اسی دوران ان کے دائیں ٹخنے میں چوٹ لگ گئی، جس کے بعد انہوں نے درد کم کرنے کے لیے کچھ دیر کا وقفہ لیا۔ اس کے باوجود جنوبی کوریا کی اس اسٹار کھلاڑی نے ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے ڈنمارک اوپن کے اپنے خطاب کا کامیابی سے دفاع کیا اور اپنے کریئر کا نواں سنگلز خطاب جیت لیا۔
میچ کے بعد این نے اعتراف کیاکہ صورتحال کچھ خراب ہے۔ کورٹ کے حالات مشکل تھے اور میرا پاؤں پھسل گیا۔ میں اپنی جسمانی حالت کا جائزہ لوں گی اور اپنے کوچوں سے بات کروں گی۔ فیصلہ کن گیم میں، میں کورٹ کے نسبتاً سست حصے کی جانب تھی اور وہاں مجھے زیادہ اعتماد محسوس ہو رہا تھا۔


