کانپور، 19 اکتوبر (یو این آئی)
ذیشان انصاری (5 وکٹ) اور کپتان آرین جویال (ناٹ آؤٹ 60) کی شاندار کارکردگی کی بدولت اتر پردیش نے رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ اے کے مقابلے میں منگل کو گوا کو 164 رن پر سمیٹنے کے بعد دوسری اننگز میں کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹوں پر 104 رن بنا لیے ہیں اور اس کی مجموعی برتری 140 رن ہوگئی ہے۔
آج صبح بلے بازی کے لیے اتری گوا کی ٹیم کے لیے سویش پربھودیسائی اور شیویندر بھجبل نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 61 رن جوڑے۔ 26ویں اوور میں ذیشان انصاری نے سویش پربھودیسائی (19) کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ اس کے بعد انصاری نے 32ویں اوور میں شیویندر بھجبل (44) کو بھی اپنا شکار بنا لیا۔ کپتان ابھینو تیج رانا (26)، یش کسوانکر (36) اور درشن مسال (11) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اتر پردیش کے گیند بازوں کے سامنے گوا کے باقی بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ 62ویں اوور کی تیسری گیند پر کارتک یادو نے شبھم تاری (4) کو آؤٹ کرکے گوا کی اننگز 164 رن پر ختم کردی۔ اس کے ساتھ ہی اتر پردیش کو 38 رن کی برتری مل گئی۔
اتر پردیش کے لیے ذیشان انصاری نے 5 وکٹ حاصل کیے۔ کارتک یادو اور ونش چودھری کو 2، 2 وکٹ ملے۔ کرن شرما نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس کے بعد دوسری اننگز میں بلے بازی کے لیے اتری اتر پردیش کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے پہلے ہی اوور میں دونوں سلامی بلے بازوں ابھیشیک گوسوامی اور مادھو کوشک کے وکٹ گنوا دیئے۔ یش کسوانکر نے ان دونوں کو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہیں دیا۔ اس کے بعد آرین جویال اور کرن شرما نے اننگز سنبھالنے کی کوشش کی۔ کرن شرما (31) اور ذیشان انصاری (3) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کھیل ختم ہونے تک اتر پردیش نے 4 وکٹوں پر 102 رن بنا لیے ہیں۔ آرین جویال (ناٹ آؤٹ 60) اور کارتک یادو (1) رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
گوا کے لیے یش کسوانکر نے 2 وکٹ حاصل کیے۔ درشن مسال اور ابھینو تیج رانا نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔


