بنگلورو، 8 اکتوبر (یواین آئی) سابق ہندوستانی بیڈمنٹن چیمپئن پرکاش پڈوکون کا کہنا ہے کہ اگر نوجوان کھلاڑیوں کو معیاری بنیادی ڈھانچہ، سازوسامان اور کوچنگ کی سہولت ملے تو ہندوستان کے مستقبل کے کھیلوں کے چیمپئن ٹائر-2 اور ٹائر-3 شہروں سے بڑی تعداد میں سامنے آسکتے ہیں۔
پڈوکون نے کہا کہ پہلے ٹائر-2 اور ٹائر-3 شہروں میں صلاحیت کی کمی نہیں تھی، لیکن وہاں بنیادی ڈھانچے، کوچنگ اور سازوسامان کی سہولتیں موجود نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھیل کے لیے یہ تینوں چیزیں بنیادی ضرورت ہیں اور صورتحال اب بتدریج تبدیل ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں زیادہ تر چیمپئن چھوٹے شہروں اور اضلاع سے سامنے آئیں گے، جہاں سے وہ اپنا ابتدائی کیریئر شروع کرکے بہتر سہولتوں کے لیے بڑے شہروں کا رخ کریں گے۔ پڈوکون نے کہا کہ صرف ایلیٹ کھلاڑیوں اور بین الاقوامی تمغوں پر توجہ دینے کے بجائے کھیل کی بنیاد مضبوط کرنے اور زیادہ سے زیادہ بچوں کو بیڈمنٹن سے جوڑنے کی ضرورت ہے۔
پڈوکون نے کوچنگ کے معیار کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ایک ٹورنامنٹ میں انڈر-15 اور انڈر-17 زمرے میں تقریباً 4,000 اندراجات ہوئے، جو بیڈمنٹن کی بڑھتی مقبولیت کے ساتھ ساتھ ملک میں معیاری کوچنگ کے بڑے خلا کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی جانب سے مسلسل شکست کے بعد کوچ بدلنے کے رجحان پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کھلاڑیوں کو اپنی خامیوں پر بھی توجہ دینی چاہیے۔




