کولگام؍۷؍ اکتوبر
کولگام پولیس نے۹ راشٹریہ رائفلز (۹آر آر) اور سی آر پی ایف کی۱۸ ویں بٹالین کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کے معاون پانچ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی ان کی سرگرمیوں سے متعلق موصول ہونے والی مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی۔
پولیس کے مطابق کولگام کے کھرے وان چڈر علاقے میں کارروائی کے دوران گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
برآمد شدہ سامان میں دو پستول، تین میگزین، ۹؍ایم ایم کی۴۰ گولیاں اور تین دستی بم شامل ہیں۔
گرفتار افراد کی شناخت تجمل حسین میر ولد منظور احمد میر ساکن گوف بل، رحمت علی نائیکو ولد غلام حسن نائیکو ساکن کھریون ‘ تحریم احمد بٹ ولد مشتاق احمد بٹ ساکن کھریو ن، منظور احمد بٹ ولد غلام حسن بٹ ساکن کھریون اور کفایت احمد ڈار ولد عبدالرشید ڈار ساکن ملٹلہامہ، کولگام کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی اور گرفتاریوں کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن کولگام میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ گرفتار افراد کے مبینہ روابط کا پتہ لگایا جا سکے اور برآمد شدہ اسلحہ و گولہ بارود رکھنے کے پس پردہ حالات اور اس کے ممکنہ استعمال کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔
اس دوران مخصوص اطلاع کی بنیاد پر ہندواڑہ پولیس نے۲۱ راشٹریہ رائفلز اور۹۲ بٹالین سی آر پی ایف کے ساتھ مل کر آج ناگدہ نار، ہندواڑہ کے جنگلاتی علاقے میں مشترکہ تلاشی آپریشن کیا۔
پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق تلاشی کے دوران مشترکہ ٹیم نے جنگل میں قائم ایک پرانے ٹھکانے کا سراغ لگایا، جسے تباہ کرنے کے بعد وہاں سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والے سامان میں ایک اے کے۴۷ رائفل، تین دستی بم، اے کے۴۷ کی۸۵۷ گولیاں، پیکا کی۱۹۲ گولیاں، اے کے کی آٹھ میگزین، ایک سائلنسر، پستول کی۸۳ گولیاں اور دیگر قابل اعتراض سامان شامل ہے۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ہندواڑہ میں ایک ایف آئی آر متعلقہ قانونی دفعات کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔(ویب ڈیسک)









