نئی دہلی، 6 اکتوبر (یواین آئی) دہلی پولیس کے شمال مشرقی ضلع کی خصوصی ٹیم نے بھجن پورہ میں قتل کی کوشش اور فائرنگ کے واقعے کو حل کرتے ہوئے دو بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ملزمان کو جب روکا گیا تو انہوں نے پولیس ٹیم پر 12 راؤنڈ فائرنگ کی۔ دو پولیس اہلکاروں کو گولیاں لگیں، لیکن بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے وہ محفوظ رہے۔ جوابی کارروائی میں پولیس ٹیم نے بھی ملزمان پر فائرنگ کی، جس سے دونوں ملزمان زخمی ہوگئے اور انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق خصوصی ٹیم نے ملزمان کے قبضے سے تین سیمی آٹومیٹک پستول اور 18 کارآمد کارتوس بھی برآمد کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2 اکتوبر کو علی الصبح تقریباً 3 بج کر 20 منٹ پر بھجن پورہ تھانے میں فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملی، جس کے بعد پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔
گلی نمبر 16، سبھاش وہار، نارتھ گھونڈا میں شکایت کنندہ نے پولیس کو بتایا کہ رات تقریباً 2 بج کر 43 منٹ پر اس نے گلی میں شور سنا اور بالکونی میں آکر دیکھا کہ دو افراد اسکوٹی پر سوار تھے اور ان کے پاس پستول تھے۔ حملہ آوروں نے مبینہ طور پر اس پر اور ہوا میں گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگئے۔
گولیاں عمارت کی شیشے کی ریلنگ اور بیرونی دیوار پر لگیں۔ اس واقعے میں کسی کو چوٹ نہیں آئی۔
واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے خصوصی ٹیم نے آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دستیاب شواہد کا باریک بینی سے جائزہ لیا، خفیہ معلومات اکٹھی کیں اور مشتبہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ اتوار اور پیر کی درمیانی شب ٹیم کو فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کی نقل و حرکت کے بارے میں اہم اطلاع ملی۔
ٹیم نے اطلاع کی بنیاد پر نانکسر سے تھرڈ پشتہ روڈ، عثمان پور کی جانب جانے والی سڑک پر ناکہ بندی کی۔ رات تقریباً 2 بج کر 45 منٹ پر بغیر رجسٹریشن نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو دیکھا گیا اور انہیں روکنے کی کوشش کی گئی۔ اس دوران مبینہ طور پر ان افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
ملزمان کی شناخت جاسم عرف آلو، ساکن ویلکم، دہلی، کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ دہلی پولیس کی اسپیشل سیل میں درج آرمز ایکٹ کے ایک مقدمے میں پہلے بھی ملوث رہا ہے۔
دوسرے ملزم کی شناخت کیف عرف ڈی جے کے طور پر ہوئی ہے، جو ویلکم، دہلی کا ہی رہنے والا ہے۔
تفتیش کے دوران دونوں ملزمان نے فائرنگ کے واقعے میں اپنی مبینہ شمولیت کا اعتراف کیا اور بتایا کہ انہوں نے راشد عرف کیبل والا نامی شخص کے کہنے پر شکایت کنندہ اور اس کے گھر پر فائرنگ کی تھی۔ ملزمان کے انکشافات اور دیگر افراد کے کردار کی مزید تصدیق کی جارہی ہے۔







