سرینگر؍۵؍اکتوبر
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کے روز جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنے کا حکم جاری کردیا۔ اسمبلی کا خزاں اجلاس ستمبر میں منعقد ہوا تھا۔
اسمبلی سیکریٹری ایم کے پنڈتا کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ’’میں، منوج سنہا، جموں و کشمیر مرکز کے زیر انتظام علاقے کا لیفٹیننٹ گورنر، جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ۲۰۱۹ کی دفعہ۱۸ کی ذیلی دفعہ(۲)کی شق (اے) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرتا ہوں۔‘‘
جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا۱۰ روزہ خزاں اجلاس۲۱ ستمبر سے۳۰ستمبر تک جاری رہا۔ اجلاس کے دوران ایوان نے ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اب امکان ہے کہ قانون ساز اسمبلی کا اگلا بجٹ اجلاس آئندہ سال جموں میں منعقد ہوگا۔
واضح رہے کہ اسمبلی کو ’پرو روگ‘ کرنا ایک پارلیمانی اصطلاح ہے، جس کا مطلب قانون ساز ادارے کی کارروائی کو عارضی طور پر روک دینا ہے، جبکہ اسمبلی تحلیل نہیں ہوتی۔
۔۔۔۔۔(ایجنسیاں )










