آئیچی ناگویا، 2 اکتوبر (یواین آئی) سجیت کلکل نے مردوں کے 65 کلوگرام فری اسٹائل کے سنسنی خیز فائنل میں تاجکستان کے عالمی تمغہ یافتہ عبدالمجید قُدییف کو 10-9 سے شکست دے کر شاندار واپسی کرتے ہوئے ایشین گیمز کا طلائی تمغہ جیت لیا۔
مقابلے میں دو منٹ سے بھی کم وقت باقی تھا اور سجیت سات پوائنٹس سے پیچھے تھے، لیکن ایشین چیمپئن نے ہمت نہیں ہاری۔ انہوں نے مسلسل حملے کرتے ہوئے تیزی سے تین ٹیک ڈاؤن کیے اور پوائنٹس کا فرق کم کردیا۔
اس کے بعد جب صرف 11 سیکنڈ باقی تھے اور عبدالمجید ایک پوائنٹ کی برتری پر تھے، سجیت نے ایک اور ٹیک ڈاؤن کرتے ہوئے دو پوائنٹس حاصل کیے۔ اس کے ساتھ ہی وہ 10-9 سے آگے ہوگئے اور شاندار واپسی کرتے ہوئے ایشین گیمز چیمپئن بن گئے۔






