نئی دہلی، 26 ستمبر (یو این آئی) مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (سی ایس آئی آر) کے 85 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر ہفتے کے روز پانچ ہندوستانی زبانوں میں سائنس میگزین کا افتتاح کیا۔
سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت نے آج بتایا کہ ان میگزینز کی اشاعت سی ایس آئی آر- نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کمیونیکیشن اینڈ پالیسی ریسرچ (سی ایس آئی آر- این آئی ایس سی پی آر) کی جانب سے کی جائے گی۔ نئے میگزینز میں آسامی میں ‘ وگیان لہر بنگلہ میں ‘ وگیان برتانتو، مراٹھی میں ‘ وگیان شتیج، تمل میں ‘اریویل اریکئیئلر اور تیلگو میں ‘وگیان ویلوگو شامل ہیں۔ ان کا مقصد متعلقہ زبانوں میں سائنسی معلومات کو آسان، قابلِ اعتماد اور دلچسپ طریقے سے قارئین تک پہنچانا نیز مختلف شعبوں میں ہونے والی سائنسی تحقیق، اختراع اور کامیابیوں کو سامنے لانا ہے۔
سی ایس آئی آر- این آئی ایس سی پی آر پہلے ہی ‘سائنس رپورٹر (انگریزی)، ‘ وگیان پرگتی (ہندی) اور ‘سائنس کی دنیا (اردو) جیسے مقبول سائنس میگزینز کے ذریعے سائنس مواصلات کی سمت میں کام کر رہا ہے۔ نئے میگزینز میں موجودہ مواد کے منتخب حصوں کے ترجمے میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جائے گا۔ اے آئی سے ترجمہ شدہ مواد کی انسانی ماہرین کے ذریعے جائزہ، پروف ریڈنگ، حقائق کی جانچ اور اداریاتی سطح پر اصلاح کی جائے گی، تاکہ سائنسی حقائق کی درستگی اور زبان کا معیار برقرار رہے۔
ان میگزینز میں ترجمہ شدہ مواد کے ساتھ ساتھ متعلقہ ہندوستانی زبانوں میں اصل مضامین بھی شائع کیے جائیں گے۔ اس سے علاقائی زبانوں میں سائنس پر لکھنے کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ مختلف ریاستوں اور علاقوں میں سائنسی سرگرمیوں نیز کامیابیوں کو وسیع قارئین تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ اس پہل کی ہم آہنگی کی ذمہ داری مسٹر مکیش امباداس پنڈ اور ڈاکٹر مہر وان نے سنبھالی ہے۔







