موہالی، 23 ستمبر (یواین آئی) پنجاب ایف سی نے آئندہ آئی ایف اے شیلڈ 2026-27 ٹورنامنٹ کے لیے اپنی 24 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ رواں ماہ کولکاتا میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پنجاب ایف سی گروپ دو میں ایسٹ بنگال ایف سی اور کلکتہ کسٹمز کلب کے ساتھ شامل ہے۔ ٹیم اپنی مہم کا آغاز 27 ستمبر کو کلکتہ کسٹمز کلب کے خلاف کرے گی۔
پنجاب ایف سی کے نئے ہیڈ کوچ پاولوس ڈرمٹزاکس نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی بار ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ ٹیم میں 20 ہندوستانی اور چار غیر ملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ غیر ملکی کھلاڑیوں میں نئے سائننگ پیٹرک جیرارڈ بہاناک، ڈیاگو راپوسو، الفریڈ پلاناس مویا اور رافائل میسی بُولی شامل ہیں۔
ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ کلب کے اپنے نظام سے ابھرنے والی صلاحیتوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ہیڈ کوچ کو تکنیکی ڈائریکٹر جارجیوس اینجیلیدیس اور ہندوستانی اسسٹنٹ کوچ شنکر لال چکرورتی کا تعاون حاصل ہوگا، جبکہ کرسٹوس وورگیاتزیدیس اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ اور ونے سنگھ گول کیپنگ کوچ ہوں گے۔
گول کیپنگ میں ارشد یپ سنگھ کے ساتھ محیت شبیر اور آیوش دیشوال شامل ہیں۔ دفاعی صف میں پیٹرک جیرارڈ بہاناک، محمد اویس، کریش سورم، نگارین شائزا، سریش میتی، محمد سہیل خان اور بشو شرما ذمہ داری سنبھالیں گے۔ مڈفیلڈ میں خائمن تھانگ لھونگڈیم، نکھل پربھو، رشی کانتا میتی، ارشویر سنگھ، محمد انعام اور منگلی تھانگ کِپگین شامل ہیں۔
حملہ آور شعبے میں ڈیاگو راپوسو، الفریڈ پلاناس مویا اور رافائل میسی بُولی کے علاوہ محمد سہیل، کونسم سنا تھوئی سنگھ، بکاش سنگھ ساگولسیم، وشال یادو اور گُرکیرت سنگھ شامل ہیں۔




