کیپ ٹاؤن، 14 ستمبر (یواین آئی) جنوبی افریقہ کے مغربی کیپ صوبے میں ایک بھیانک سڑک حادثے میں کم از کم 21 افراد ہلاک اور کئی دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ قومی ٹریفک ایجنسی اور مقامی حکام نے پیر کو یہ اطلاع دی۔
روڈ ٹریفک مینجمنٹ کارپوریشن (آر ٹی ایم سی) نے ’ایکس‘ پر بتایا کہ حادثہ کیپ ٹاؤن سے تقریباً 380 کلومیٹر مشرق میں پرنس البرٹ اور لیو گامکا شہروں کے درمیان این ون ہائی وے پر پیش آیا۔ اتوار کی رات تقریباً ساڑھے 11 بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق پیر کی صبح 3 بجے) پیش آنے والے اس حادثے میں دو منی بس ٹیکسیاں اور ایک اسٹیشن ویگن آپس میں ٹکرا گئیں۔
صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ترجمان منیرہ ایلی کے مطابق حادثے میں کئی افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
مقامی حکام نے بتایا کہ حادثے کی صحیح وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے اور پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔






