گیانا، 8 ستمبر (یو این آئی) بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر مہدی حسن میراز کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں ڈیبیو کے لیے تیار ہیں۔ پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست گیانا ایمیزون واریئرز نے انہیں محمد نبی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے، جبکہ پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث رحمان اللہ گرباز کی جگہ لیں گے۔ نبی اور گرباز افغانستان کی قومی ٹیم کے ساتھ جڑنے کے لیے سی پی ایل چھوڑیں گے، جو 13 ستمبر سے ہندوستان میں تین ٹی-20 میچوں کی سیریز کھیلے گی۔
محمد نبی نے ایمیزون واریئرز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ٹیم نے گلوبل سپر لیگ اور جاری سی پی ایل میں اب تک کھیلے گئے 11 میں سے 10 میچ جیتے ہیں۔ نبی سی پی ایل میں اسپن گیندبازوں میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے کھلاڑی ہیں اور چھ اننگز میں 12 وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے اتوار کو سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے خلاف چار وکٹیں لے کر ٹیم کو پلے آف میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
کپتان عمران طاہر نے نبی کی آل راؤنڈ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم انہیں بہت یاد کرے گی۔ انہوں نے نبی کو عالمی کرکٹ کے بہترین آف اسپنرز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے ان کی بلے بازی، فیلڈنگ اور ٹیم کے ساتھ تجربات بانٹنے کی بھی تعریف کی۔
مہدی حسن میراز ایشیائی کھیلوں کے لیے بنگلہ دیش کی ٹی-20 ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، اس لیے وہ سی پی ایل کے باقی میچوں میں ایمیزون واریئرز کے لیے دستیاب رہیں گے۔ انہیں 2017 میں ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز نے متبادل کھلاڑی کے طور پر منتخب کیا تھا، لیکن وہ اب تک سی پی ایل میں ایک بھی میچ نہیں کھیل سکے ہیں۔
یو این آئی۔ م س





