برلن، 7 ستمبر (اسپوتنک۔ یو این آئی) جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت آلٹرنیٹیو فار جرمنی (اے ایف ڈی) نے سیکسنی انہالٹ ریاست کے انتخابات میں 43.8 فیصد ووٹ حاصل کرکے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے اور ریاست کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔
ریاستی انتخابی کمیشن کے مطابق ابتدائی نتائج میں اے ایف ڈی 43.8 فیصد ووٹوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) 17.2 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف جرمنی (ایس پی ڈی) 9.3 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔
گرینز اور دی لیفٹ بالترتیب 8.9 فیصد اور 8.6 فیصد ووٹوں کے ساتھ ان کے پیچھے ہیں۔ سہرا واگن کنیشٹ الائنس – ریزن اینڈ جسٹس (بی ایس ڈبلیو) نے بھی پانچ فیصد کی انتخابی حد عبور کرتے ہوئے 5.3 فیصد ووٹ حاصل کیے۔
واضح رہے کہ سیکسنی انہالٹ کی ریاستی پارلیمانی نشستوں کے لیے انتخابات اتوار کو ہوئے، جن میں 16 سیاسی جماعتوں اور 398 امیدواروں نے حصہ لیا۔ انتخابات میں 77.8 فیصد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
ماہرین کا خیال ہے کہ سیکسنی انہالٹ کے انتخابات اور 20 ستمبر کو ہونے والے برلن ہاؤس آف رپریزنٹیٹوز اور میکلن برگ-وورپومرن کے ریاستی پارلیمانی انتخابات کے نتائج کا اثر ان ریاستوں کی سرحدوں سے کہیں آگے تک جائے گا۔ ان انتخابات کے نتائج ملک کی سیاسی صورت حال پر نمایاں اثر ڈال سکتے ہیں۔
اے ایف ڈی کے انتخابی نتائج کے بعد جاری کیے گئے ایک بیان میں آسٹریا کی فریڈم پارٹی (ایف پی او) نے کہا کہ سیکسنی انہالٹ میں انتخابات کے ابتدائی نتائج کے اثرات جرمنی کی سرحدوں سے بہت دور تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔
ایف پی او نے اپنے بیان میں کہا، ”سیکسنی انہالٹ میں اے ایف ڈی کی کامیابی عوام کی جانب سے اٹھایا گیا ایک جمہوری قدم ہے، جس کے اثرات جرمنی کی سرحدوں سے کہیں آگے تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔ لوگ اپنے ملک اور اپنی مادرِ وطن کو واپس حاصل کر رہے ہیں۔ آج جرمنی میں جو کچھ ہم دیکھ رہے ہیں، اسی ناقابلِ تسخیر رفتار کے ساتھ آسٹریا میں بھی حب الوطنی پر مبنی تبدیلی آگے بڑھ رہی ہے۔“
بیان میں اے ایف ڈی اور اس کے سرکردہ امیدوار الریش زیگمُنڈ کو مبارکباد بھی دی گئی۔ ایف پی او نے کہا، ”عام لوگوں سے کٹے ہوئے اشرافیہ کے نظام کا ہر قدم پر خاتمہ ہو رہا ہے، کیونکہ لوگ اب اسے برداشت نہیں کر سکتے۔ محب وطن لوگوں اور نظام میں تبدیلی کا وقت آ گیا ہے، جرمنی میں بھی اور آسٹریا میں بھی۔“




