سرینگر؍۲ ستمبر
جموں و کشمیر پولیس اور ٹریفک پولیس نے گزشتہ دس دنوں میں’ نمبر پلیٹ ماسکنگ‘ کے خلاف مہم چلا کر۱۵۰ سے زائد گاڑیاں ضبط کر لی ہیں۔
’نمبر پلیٹ ماسکنگ‘ کا مطلب گاڑی کی نمبر پلیٹ کو چھپانا یا تبدیل کرنا ہے تاکہ کیمروں اور چالان سے بچا جا سکے۔ اس کے لیے لوگ پلاسٹک یا ٹیپ سے پلیٹ کو ڈھانپ دیتے ہیں، ہیلمٹ یا پاؤں سے چھپاتے ہیں، نمبروں کو کالا کر دیتے ہیں، جان بوجھ کر گندگی یا پینٹ چھڑک دیتے ہیں یا نمبر پلیٹ پر پولی تھین لگا دیتے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں، خاص طور پر نمبر پلیٹ چھپانے والوں کے خلاف ایک بڑی مہم شروع کی گئی ہے۔ گزشتہ دس دنوں میں رجسٹریشن پلیٹ نمبر چھپانے، بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑی چلانے یا موٹر وہیکل ایکٹ کے قوانین کے مطابق نمبر پلیٹ نہ لگانے پر۱۵۸ گاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا گیا اور انہیں ضبط کر لیا گیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’نمبر پلیٹ ماسکنگ‘ کے خلاف مہم کے علاوہ تیز رفتاری سے گاڑی چلانے پر۱۶۵ گاڑیاں ضبط کی گئیں، ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر۵۹؍افراد پر جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ سب سے زیادہ۳۰۵۷ گاڑیوں پر رونگ پارکنگ کی وجہ سے جرمانہ لگایا گیا یا انہیں ضبط کیا گیا۔ اس کے علاوہ صوتی آلودگی پر۱۸؍ افراد کے خلاف کیس درج کیا گیا، چھ پر بغیر اجازت گاڑی میں ترمیم کرنے اور چار افراد پر خطرناک ڈرائیونگ کرنے پر قانونی کارروائی کی گئی۔
۔۔۔۔۔
ایجنسیاں










