جموں/۱۹؍ اگست
پولیس نے بدھ کے روز جموں و کشمیر کے ادھم پور، سانبہ، جموں اور کٹھوعہ اضلاع میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران ہیروئن برآمد کرکے چھ مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ادھم پور کے پھالٹا گاؤں میں ایک موٹر سائیکل کو روک کر اس پر سوار دو افراد کی تلاشی لی گئی، جس دوران ان کے قبضے سے۵ء۲۲گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ دونوں افراد، آکاش کمار اور اجے سنگھ، کو مزید تفتیش کے لیے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ سانبہ ضلع کے وجے پور علاقے میں تلاشی کے دوران سید بہران آفتاب اور اشتیاق احمد نامی دو مزید مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے۸ء۶۹ گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
جموں ضلع کے میران صاحب علاقے میں گشت کے دوران پولیس نے پارس نایار کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے۷گرام ہیروئن برآمد کی۔
ترجمان کے مطابق کٹھوعہ ضلع کے لنک روڈ بیریاں پٹن میں چیکنگ کے دوران برکت علی کو گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے۴گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ تمام گرفتار افراد کے خلاف الگ الگ مقدمات نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت درج کیے گئے ہیں۔ مقدمات کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ منشیات کی اسمگلنگ سے وابستہ پسِ پردہ اور آگے کے روابط کا سراغ لگایا جاسکے۔
۔۔۔۔۔
(ایجنسیاں )








