نئی دہلی، 7 اگست (یو این آئی) دہلی اسمبلی کے احاطے میں جمعہ کے روز عام آدمی پارٹی (آپ) کے اراکین اسمبلی نے مبینہ 650 کروڑ روپے کے دوا گھپلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
عام آدمی پارٹی کے چیف وہپ سنجیو جھا کی قیادت میں اراکین اسمبلی نے او آر ایس کے پیکٹوں کی مالائیں پہن کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ سنجیو جھا نے الزام لگایا کہ اسمبلی کا اجلاس وقفۂ سوالات کے بغیر چلایا جا رہا ہے، تاکہ حکومت جوابدہی سے بچ سکے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ او آر ایس، ادویات اور طبی آلات کی خریداری کئی گنا زیادہ قیمت پر کی گئی، جبکہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اس معاملے پر خاموش ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ دہلی لکشمی اسکیم میں اتنی شرائط عائد کر دی گئی ہیں کہ زیادہ تر مستحق خواتین اس کے دائرے سے باہر ہو گئی ہیں۔
رکن اسمبلی کلدیپ کمار نے الزام لگایا کہ پورٹیبل ایکسرے مشین، او آر ایس اور دیگر ادویات بازار کی قیمت سے کئی گنا زیادہ قیمت پر خریدی گئیں، جبکہ سرکاری اسپتالوں میں اب بھی ادویات اور علاج کی قلت برقرار ہے۔ رکن اسمبلی جرنیل سنگھ نے کہا کہ دہلی لکشمی اسکیم سے متعلق کیے گئے وعدوں کے برعکس اس میں متعدد اہلیت کی شرائط شامل کر دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں خواتین اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گی۔
قرول باغ سے رکن اسمبلی وشیش روی نے کہا کہ ان کی پارٹی نے اسمبلی کے اندر اس معاملے پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن اجازت نہ ملنے کے بعد انہیں ایوان کے باہر احتجاج کرنا پڑا۔ انہوں نے مبینہ دوا گھوٹالے کی جانچ مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انسداد بدعنوانی بیورو سے کرانے اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔









