ایجنسیاں
سرینگر؍یکم جولائی
مردم شماری۲۰۲۷ کے پہلے مرحلے، جس میں ہاؤس لسٹنگ آپریشنز(ایچ ایل او) یعنی مکانات کی فہرست سازی شامل تھی، کو جموں و کشمیر اور لداخ کے دونوں مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا ہے۔ ایک ماہ پر محیط یہ فیلڈ مشق یکم جون سے۳۰ جون۲۰۲۶تک جاری رہی۔
چیف پرنسپل مردم شماری افسر (سی پی سی او) اور ڈائریکٹر مردم شماری آپریشنز (ڈی سی او) جموں و کشمیر اور لداخ، امت شرما نے بتایا کہ یہ پورا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے انجام دیا گیا، جس کے ذریعے مردم شماری کے عمل میں ابتدا سے آخر تک ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا نفاذ عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران کسی بھی بڑی تکنیکی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
شرما نے اس مہم سے وابستہ تمام افسران اور فیلڈ عملے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پرنسپل مردم شماری افسران، چارج افسران، نوڈل افسران، ماسٹر ٹرینرز، فیلڈ ٹرینرز، اینومیریٹرز، (شمار کنندگان)، سپروائزروں اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کی خدمات کو سراہا، جنہوں نے مقررہ مدت کے اندر اس عمل کو کامیابی سے مکمل کیا۔
سی پی سی او نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں۲۹۵ مردم شماری چارجز کے تحت۲۴ ہزار۷۱ ڈیجیٹل نقشہ بند اور جیو ریفرنسڈ ہاؤس لسٹنگ بلاکس کا احاطہ کیا گیا، جبکہ لداخ میں۱۷ مردم شماری چارجز کے تحت۵۶۷ ہاؤس لسٹنگ بلاکس میں یہ عمل مکمل کیا گیا۔
اس مشق کے دوران شہری، دیہی، سرحدی، قبائلی، دور افتادہ اور جغرافیائی لحاظ سے دشوار گزار علاقوں کا بھی احاطہ کیا گیا۔
شرما نے کہا کہ فیلڈ کارروائیوں کی کامیاب تکمیل سے قبل ایک جامع تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ جموں و کشمیر میں۳۰ ماسٹر ٹرینرز،۶۱۴ فیلڈ ٹرینرز اور۲۹ ہزار۲۶۹ شمار کنندگان و سپروائزرز کو تربیت دی گئی، جبکہ لداخ میں۲ماسٹر ٹرینرز‘۲۰ فیلڈ ٹرینرز اور۷۲۲ شمار کنندگان و سپروائزرز کو تربیت فراہم کی گئی۔ فیلڈ کارروائیوں کے آغاز سے قبل جموں و کشمیر میں۲۷ ہزار سے زائد اور لداخ میں تقریباً۸۰۰ مردم شماری کٹس بھی تقسیم کی گئیں۔
سی پی سی او نے پہلے مرحلے کی کامیابی کا سہرا مردم شماری آپریشنز کے ڈائریکٹوریٹ، ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ عملے کے باہمی اشتراک کو دیا، جسے باقاعدہ جائزہ اجلاسوں، فیلڈ معائنوں اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کی معاونت حاصل رہی۔ انہوں نے مردم شماری مہم کے دوران پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے چلائی گئی عوامی بیداری اور تشہیری مہمات کے کردار کو بھی سراہا۔
خود شماری (سیلف اینومیریشن) کے مرحلے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فیلڈ کارروائیوں کے آغاز سے قبل جموں و کشمیر میں۶ لاکھ۶۷ ہزار سے زائد اور لداخ میں۷ہزار۹ گھرانوں نے رضاکارانہ طور پر سیلف اینومیریشن پورٹل کے ذریعے اپنی مردم شماری کی معلومات درج کرائیں۔
شرما نے مزید کہا کہ مردم شماری۲۰۲۷ کے اگلے مرحلے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ یکم اگست ۲۰۲۶ سے ضلعی مردم شماری ہینڈ بکس کی تیاری کا عمل شروع ہوگا، جبکہ جموں و کشمیر کے برف پوش علاقوں اور پورے لداخ میں مقررہ شیڈول کے مطابق آبادی کی مردم شماری کی جائے گی، جس کے بعد فروری۲۰۲۷ میں جموں و کشمیر کے باقی علاقوں میں آبادی کی مردم شماری کا مرحلہ مکمل کیا جائے گا۔










