لیڈز، 18 جون (یو این آئی): آسٹریلیا کی کپتان سوفی مولینیو نے کہا ہے کہ ٹیم انتظامیہ جاری آئی سی سی ویمنز ٹی-20 ورلڈ کپ میں زخمی کھلاڑیوں ایش گارڈنر اور فوبی لچفیلڈ کی واپسی میں کوئی جلدبازی نہیں کرے گی۔
دونوں کھلاڑی بنگلہ دیش کے خلاف آسٹریلیا کی نو وکٹوں سے شاندار فتح میں شرکت نہیں کر سکیں۔ اس کامیابی کے ساتھ آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری جیت حاصل کی۔ ٹیم اپنا اگلا میچ ہفتہ کو ساؤتھمپٹن میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔
فوبی لچفیلڈ ران کی انجری کے باعث نیدرلینڈز اور پاکستان کے خلاف میچوں سے باہر ہو چکی ہیں، جبکہ ایش گارڈنر کی واپسی کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں۔
سوفی مولینیو نے کہا، ’’ایش کی حالت روز بروز بہتر ہو رہی ہے۔ ان کے ٹخنے میں معمولی موچ آئی تھی اور ہم ساؤتھمپٹن پہنچنے کے بعد ان کی صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔‘‘
دونوں کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں گریس ہیرس اور تجربہ کار فاسٹ بولر میگن شٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا، تاہم ایلیس پیری نے آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے میچ کی بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
مولینیو نے کہا کہ اس کامیابی نے آسٹریلوی اسکواڈ کی گہرائی اور تمام 15 کھلاڑیوں پر اعتماد کو ثابت کیا ہے۔ ان کے مطابق بڑے ٹورنامنٹس میں ایسی صورتحال پیدا ہوتی رہتی ہے اور خوش آئند بات یہ ہے کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی موقع ملنے پر ذمہ داری سنبھالنے کے لیے تیار ہے۔








