نئی دہلی، 30 مئی (یواین آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ہفتہ کے روز کہا کہ ان کی حکومت دارالحکومت کے ہر شہری تک مناسب پینے کا پانی پہنچانے کے لیے جنگی سطح پر کام کر رہی ہے۔
مسز گپتا نے آج یہاں وزیراعلیٰ سیوا سدن سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے دارالحکومت میں پینے کے پانی سے متعلق چیلنجز اور آبی سپلائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس دوران وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ جمنا میں وزیرآباد کے قریب پانی کی دستیابی متاثر ہونے کے باعث سپلائی پر دباؤ پیدا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے نائب سنگھ سینی سے بات چیت کی، جس کے نتیجے میں ہریانہ حکومت نے منک نہر کے ذریعے دہلی کو کم از کم ایک ہزار کیوسک پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی کے مفادات کا تحفظ اور پینے کے پانی کی دستیابی کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے دہلی جل بورڈ کے 980 سے زائد واٹر ٹینکر روزانہ 6,000 سے زیادہ چکر لگا رہے ہیں۔ گنجان آبادی اور تنگ گلیوں والے علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے چھوٹے ٹینکر بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ جمنا کھادر علاقے میں اضافی بورویل نصب کر کے روزانہ 10.5 ایم جی ڈی پانی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ پانی کے رساؤ کے ہر واقعے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا ایک ایک قطرہ قیمتی ہے اور کسی بھی قسم کا ضیاع قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ دہلی جل بورڈ کے افسران روزانہ موصول ہونے والی شکایات کی ذاتی نگرانی کریں اور ضرورت پڑنے پر خود موقع پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیں۔










