نئی دہلی، 07 مئی (یو این آئی): مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) نے جمعرات کو اتر پردیش کے میرٹھ میں سینٹرل گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (سی جی ایس ٹی) کے ایک سپرنٹنڈنٹ اور ان کے دفتر میں کام کرنے والے ایک کمپیوٹر آپریٹر کو رشوت کے معاملے میں گرفتار کیا۔
سی بی آئی نے بدھ کو سی جی ایس ٹی آفس کے کمپیوٹر آپریٹر یش شرما کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ الزام ہے کہ اس نے شکایت کنندہ کو جاری کیے گئے ‘وجہ بتاؤنوٹس’ کو واپس لینے کے عوض میرٹھ کے سی جی ایس ٹی سپرنٹنڈنٹ سنجے مینا کی جانب سے 6,000 روپے رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔
شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے سی بی آئی نے جال بچھایا اور کمپیوٹر آپریٹر کو سی جی ایس ٹی سپرنٹنڈنٹ کی طرف سے رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ سی بی آئی نے سی جی ایس ٹی سپرنٹنڈنٹ اور کمپیوٹر آپریٹر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور معاملے میں مزید تحقیقات جاری ہے۔










