تہران، 5 مئی (یو این آئی) ایرانی فورسز کے ذرائع نے یو اے ای پر حملوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات پر حملے ایران سے نہیں ہوئے غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی فورسز ذرائع نے یو اے ای پر حملوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات پر حملے ایران سے نہیں ہوئے اور نہ ہی حملے کا کوئی منصوبہ تھا ایک ایرانی فوجی اہلکار نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ اسلامی جمہوریہ کے پاس تیل کی تنصیبات پر حملے کا کوئی پہلے سے منصوبہ بند پروگرام نہیں تھا اور جو کچھ ہوا وہ آبنائے ہرمز کے ممنوعہ راستوں سے غیر قانونی طور پر بحری جہازوں کے گزرنے کے لیے امریکی فوج کی مہم جوئی کا نتیجہ تھا اور اس کے لیے امریکی فوج کو جوابدہ ہونا چاہیے۔
مزید کہا کہ امریکی حکام کو سفارتی عمل میں طاقت کے استعمال کے بدصورت رویے کو ختم کرنا چاہیے اور تیل کے اس حساس خطے میں فوجی مہم جوئی کو روکنا چاہیے جو دنیا کے تمام ممالک کی معیشتوں کو متاثر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے گزشتہ روز ایران پر بلیسٹک اور کروز میزائلوں اور ڈرون حملوں کا الزام لگایا تھا۔ اماراتی وزارت دفاع کے مطابق 4 مئی کو حملے ایران کی جانب سے کیے گئے۔ فضائی دفاعی کارروائی کے دوران 12 بیلسٹک، 3 کروز میزائل، 4 ڈرون تباہ کیے گئے، اور ایرانی حملے ناکام بنائے گئے۔










