نئی دہلی، 29 اپریل (یو این آئی) نجی شعبے کی فضائی کمپنی انڈیگو یکم مئی سے ملک کے مختلف شہروں سے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے لیے اپنی باقاعدہ پروازیں دوبارہ شروع کرے گی۔
ایئرلائن نے بدھ کو ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ وہ دوحہ کے لیے اپنی تمام پروازیں بحال کر رہی ہے جنہیں مغربی ایشیا کے بحران کے آغاز کے بعد معطل کر دیا گیا تھا۔ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ "موجودہ فضائی حدود کی صورتحال اور متعلقہ حکام کی رہنمائی کے مطابق” کمپنی سات شہروں دہلی، ممبئی، بنگلورو، چنئی، حیدرآباد، کنور اور کوچی سے دوحہ کے لیے ہر ہفتے 60 سے زیادہ باقاعدہ پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے۔
کمپنی نے ایک بار پھر دہرایا ہے کہ وہ اپنے مسافروں، عملے کے ارکان اور طیاروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ کمپنی کے مطابق، ایک اہم ٹرانزٹ ہب کے طور پر دوحہ ہندوستان کو اہم بین الاقوامی مقامات سے جوڑنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ دوسری جانب قطر سے سفر کرنے والے مسافر بھی ایئرلائن کے وسیع نیٹ ورک کے ذریعے ہندوستان اور اس سے آگے کے کئی شہروں سے جڑ سکیں گے۔
دہلی اور ممبئی سے دوحہ کے لیے روزانہ دو دو پروازیں ہوں گی۔ بنگلورو اور چنئی سے ایک ایک روزانہ پرواز دستیاب ہوگی، جبکہ حیدرآباد سے ہفتے میں 11، کنور سے پانچ اور کوچی سے چھ ہفتہ وار پروازیں دوحہ کے لیے دستیاب ہوں گی۔










