نئی دہلی//کانگریس نے ہفتہ کو کہا کہ ملک میں کسانوں کو حقوق دلانے، ان کے مسائل حل کرنے اورمرکزی حکومت پر کسان اورکھیت مزدوروں کو ترجیح دینے کے لئے پارٹی مسلسل جدوجہد اورحکومت پر دباؤ بنانے کا کام کرے گی۔
کسان اور کھیت مزدور کانگریس کے نئے مقرر کردہ سربراہ ایس سکھ پال سنگھ کھیرا نے آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت کو کسانوں کی ترقی کے لئے فوری طورپر انہیں کم ازکم سہاراقیمت دینی چاہیے اورکسانوں کی خوشحالی کے لئے کام کرناچاہیے۔
مسٹر کَھیرا نے کہا کہ اس وقت ملک میں کسان مزدوروں کی حالت بہت نازک ہے۔ اکیلے پنجاب کے کسانوں پر لاکھوں روپے کا قرض ہے جس کی وجہ سے پنجاب کا کسان مسلسل خودکشی کرنے پر مجبور ہو رہا ہے۔ یہی نہیں آندھرا پردیش، تمل ناڈو، مہاراشٹر، کرناٹک وغیرہ متعدد ریاستوں میں کسان مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سال 2000 سے 2015 تک 4.5 لاکھ کسانوں اور کھیت مزدوروں نے خودکشی کی ہے۔ اس کی وجہ زراعت کو اہمیت نہ دینا اور شہر کاری پر حکومت کی پوری توجہ اور دیہی شعبے پر توجہ نہ دینا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھوک کے عالمی اعداد و شمار میں ہندوستان کی سطح مسلسل گر رہی ہے۔