دبئی ، 12 فروری (یو این آئی) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شریک پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے سری لنکا میں دیسی کھانوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پاکستانی اسکواڈ کی فٹنس اور ذائقے کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے خصوصی طور پر ایک پاکستانی شیف کو ٹیم کے ساتھ بھیجا ہے، تاکہ میگا ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں کو گھر جیسا کھانا میسر آ سکے۔ذرائع کے مطابق ٹیم کے ساتھ ذاتی شیف کی موجودگی کا مقصد کھلاڑیوں کی غذائی ضروریات کو ان کی مرضی اور فٹنس پلان کے مطابق پورا کرنا ہے۔ کھلاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر ان کی پسندیدہ روایتی پاکستانی ڈشز فراہم کی جا رہی ہیں۔
صرف ہوٹل ہی نہیں، بلکہ پریکٹس سیشنز اور میچز کے دوران ڈریسنگ روم میں بھی شیف کے تیار کردہ تازہ کھانے کھلاڑیوں کو دستیاب ہوتے ہیں۔ ٹیم کے اراکین نے سری لنکا میں اپنی پسند کے کھانے ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے، جس سے ان کے حوصلے اور ٹیم کے ماحول پر مثبت اثر پڑا ہے۔






