نئی دہلی، 16 جنوری (یو این آئی) انڈین ریلوے کی جانب سے شروع کی جا رہی’امرت بھارت ایکسپریس‘ٹرینوں میں سے مغربی بنگال کے نیو جلپائیگُڑی اور تمل ناڈو کے نگرکوئل کے درمیان چلنے والی ایک ٹرین شمال مشرق میں ہمالیہ کے دامن کو ملک کے جنوبی سرے سے جوڑے گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ دو دنوں میں مغربی بنگال اور آسام کے دورے کے دوران ان دونوں ریاستوں کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی سات امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں اور دو وندے بھارت سلیپر ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔
انڈین ریلوے کو یقین ہے کہ یہ ٹرین شمال مشرق کے داخلی دروازے اور بھوٹان و بنگلہ دیش کی سرحد سے متصل علاقوں سے کنیا کماری کے درمیان ریل سفری سہولتوں میں اضافہ کرے گی۔ یہ راستہ اسٹریٹجک طور پر نہایت اہم ہے کیونکہ یہ سرحدی علاقوں، بڑی بندرگاہوں، صنعتی خطوں اور گنجان آبادی والے اندرونی علاقوں کو آپس میں جوڑتا ہے ۔ انڈین ریلوے نے جمعہ کے روز بتایا کہ نیو جلپائیگُڑی۔ نگرکوئل امرت بھارت ایکسپریس ٹرین ہفتہ وار بنیاد پر چلائی جائے گی۔ یہ ٹرین بدھ کے روز شام 4:45 بجے نیو جلپائیگُڑی سے روانہ ہوگی اور جمعہ کی رات 11:00 بجے نگرکوئل پہنچے گی۔ نگرکوئل۔ نیو جلپائیگُڑی امرت بھارت ایکسپریس ٹرین نگرکوئل سے اتوار کی رات 11:00 بجے روانہ ہوگی اور بدھ کی صبح 5:00 بجے نیو جلپائیگُڑی پہنچے گی۔
اس سروس سے مغربی بنگال کے جلپائیگُڑی، مالدہ، مغربی مدنا پور، ہاوڑہ، ہگلی اور بیر بھوم، بہار کے کشن گنج اور کٹیہار، اڈیشہ کے گنجام، کھوردھا، کٹک، جاجپور اور بھدرک، آندھرا پردیش کے ایس پی ایس آر نیلور، پرکاشم، مغربی گوداوری، مشرقی گوداوری، وشاکھا پٹنم، وجین نگرم، شری کاکولم اور چتور، اور تمل ناڈو کے کنیا کماری، ترونیل ویلی، تھوتھوکُڈی، وِرودھ نگر، مدورئی، ڈنڈیگل، تروپور، کوئمبٹور، ایروڈ، سیلم اور ویلور اضلاع کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔
اس کے راستے میں نیو جلپائیگُڑی کے قریب خوبصورت دارجلنگ۔ دُوآرس خطہ، وشاکھا پٹنم کے وسیع ساحلی علاقے ، مدورئی کا میناکشی مندر اور تمل ناڈو کا دلکش نیلگری پہاڑی خطہ بھی شامل ہے ۔ بہتر ریل سہولتوں سے علاقائی ترقی کو تقویت ملے گی، ساتھ ہی ثقافتی تبادلے کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔










