بڑودہ، 01 دسمبر (یو این آئی )ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے معروف آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ایک بار پھر مسابقتی کرکٹ میں واپسی کرنے جا رہے ہیں۔ وہ گھریلو ٹی20 ٹورنامنٹ سید مشتاق علی ٹرافی (ایس ایم اے ٹی) میں بڑودہ کی نمائندگی کریں گے۔ ستمبر کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب ہاردک میدان پر نظر آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق دو اور چار دسمبر کو پنجاب اور گجرات کے خلاف ہونے والے میچوں کے دوران قومی سلیکٹر پرگیان اوجھا بھی موجود رہ سکتے ہیں تاکہ ہاردک کی فٹنس کا براہِ راست جائزہ لیا جا سکے۔
ہاردک آخری مرتبہ 26 ستمبر کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں سری لنکا کے خلاف ہندوستان کے لیے کھیلے تھے۔ اس کے فوراً بعد انہیں لیفٹ کوڈرائسپس انجری کا سامنا کرنا پڑا، جس کے سبب وہ مسلسل میدان سے دور رہے۔
انہوں نے 15 اکتوبر کو بنگلورو کے بی سی سی آئی سنٹر آف ایکسیلنس میں ریہیب شروع کیا تھا۔ دیوالی کے دوران تین روزہ وقفے کے بعد وہ 21 اکتوبر سے 29 نومبر تک مسلسل اپنی فٹنس بہتر بنانے میں مصروف رہے۔
ایسے موقع پر ہاردک بڑودہ کے لیے ایس ایم اے ٹی کھیل رہے ہیں جب جلد ہی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان ہونا ہے۔ وہ بڑودہ کے لیے کتنے میچوں میں دستیاب رہیں گے۔
یو این آئی ۔م اع









