لاہور،15 ستمبر(یواین آئی ) پہلے شکست پھرہندوستانی کھلاڑیوں کے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ نہیں ملانے سے برہم پاکستان کرکٹ بورڈ نےاپنے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو ہی برطرف کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو اس لئے ہٹایا ہے کہ انہوں نے آنٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھنے میں تاخیر کی ۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ عثمان واہلہ کو ایشیا کپ کے میچ میں ہندوستانی ٹیم اور میچ ریفری کے حوالے سے ردعمل دینے میں تاخیر پر معطل کیا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ فوری کارروائی کیوں نہیں کی ۔اس کے نتیجہ میں ان کو ہٹا دیا گیا۔
یہی نہیں ہند۔پاک میچ کے دوران کپتانوں کے ہاتھ نہ ملانے اور میچ ریفری کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) اور میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو تفصیلی خط لکھا ہے ۔
پی سی بی نے قوانین اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے احتجاجاً خط لکھا ہے جس میں پاکستان نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ ہے۔ خط ایشیا کپ میں ہند۔پاک میچ کے دوران پیش واقعےکی روشنی میں لکھا گیا ہے۔







