نئی دہلی 16 اگست (یو این آئی) صدرجمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، متعدد مرکزی وزراء اور کئی معززین نے ہفتہ کے روز سابق وزیر اعظم اور بھارت رتن ایوارڈ یافتہ اٹل بہاری واجپئی کو ان کی برسی کے موقع پر ان کی سمادھی ‘سدیو اٹل’ جا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
محترمہ مرمو ، مسٹر مودی اور کئی مرکزی وزراء صبح سویرے ‘سدیو اٹل’ پہنچے اور آنجہانی لیڈر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد وہاں منعقدہ دعائیہ جلسے میں شرکت کی۔
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزراء جگت پرکاش نڈا، کرن رجیجو، گجیندر سنگھ شیخاوت، جے ڈی یو کے رکن پارلیمنٹ سنجے جھا ، دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور کئی معززین نے بھی سابق وزیر اعظم واجپئی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم مودی نے آنجہانی واجپئی کو ہندوستان کی ترقی اور خود انحصاری کے سفر کا رہنما قرار دیا۔ سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں، وزیر اعظم نے کہا، "اٹل جی کو ان کی برسی پر یاد کرتے ہوئے ، ہندوستان کی ہمہ جہت ترقی اور خود انحصار ہندوستان کی تعمیر کے لیے ان کی لگن اور خدمت کا جذبہ ہر ایک کو ترغیب دیتا رہے گا۔”
ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے میں بھارت رتن واجپئی کے تعاون کو یاد کرتے ہوئے ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا، "میں اٹل جی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، انہوں نے اپنی پوری زندگی ایک مضبوط اور خوشحال ہندوستان کی تعمیر کے عزم کے ساتھ کام کرتے ہوئے گزاری ۔ قوم ان کے بے مثال تعاون کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔’’مسٹر واجپئی نے 2018 میں آج ہی کے دن آخری سانس لی تھی۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اٹل جی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔ مسٹر واجپئی کی اصولوں پر مبنی سیاست اور فیصلہ کن قیادت کی وراثت پر روشنی ڈالتے ہوئے ، انہوں نے ایکس پر کہا، ‘‘سابق وزیر اعظم، بی جے پی کے بانی رکن، بھارت رتن شری اٹل بہاری واجپئی جی نے اقدار پر مبنی سیاست کو آگے بڑھا کر ترقی اور اچھے نظام حکومت کی مضبوط بنیاد رکھی۔ اٹل جی ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے اصولوں اور نظریات سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا، چاہے اس کے لئے انہیں اپنی حکومت ہی کیوں نہ گنوانی پڑی۔
کارگل جنگ کے دوران پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے میں سابق وزیر اعظم واجپئی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ، انہوں نے کہا، "ان کی قیادت میں، ہندوستان نے پوکھرن میں کامیاب ایٹمی تجربات کیے اور کارگل جنگ میں دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا، اٹل جی اپنے خیالات اور عمل سے ہم سب کو قومی خدمت کے راستے پر چلنے کی ترغیب دیتے رہیں گے ۔”
مسٹر واجپئی، بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں میں سے ایک تھے جو تین مرتبہ ہندوستان کے وزیر اعظم رہے ۔ مسٹر واجپئی 1996 میں مختصر وقت کے لیے ، 1998 سے 1999 تک 13 ماہ کے لیے اور 1999 سے 2004 تک مکمل میعاد کے لیے وزیر اعظم رہے ۔ انھیں اقتصادی اصلاحات کو آگے بڑھانے کا سہرا دیا جاتا ہے جنہوں نے اونچی شرح نمو کے لیے راہ ہموار کی۔










