لندن//گروئن انجری میں مبتلا نیٹ سیور برنٹ ہندوستان کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے منتخب 15 رکنی انگلینڈ ٹیم کی قیادت کرتی نظر آئیں گی۔
نیٹ سیور برنٹ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بلے بازی کے دوران زخمی ہوگئی تھیں جس کے بعدبقیہ سیریز کے لئے ٹیمی بیومونٹ کو ٹیم کی کمان سونپی گئی تھی۔ تاہم سلیکٹرز کو امید ہے کہ سیور برنٹ پہلے ون ڈے سے قبل فٹ ہو جائیں گی۔
سوفی ایکسٹون کی بھی انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، جو سیزن کے آغاز میں انجری سے ریکوری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز کا حصہ نہیں بن سکی تھیں، ایکلیسسٹون کو سارہ گلین کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ مائیا باؤچر جنہیں سیور برنٹ کے متبادل کے طور پر ٹی 20 سیریز کے لیے بلایاگیاتھا، انہیں بھی ایک روزہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
لارین فائلر جنہوں نے جمعہ کو اسمرتی مندھانا اور جمائمہ روڈریگس کی اہم وکٹیں لے کر انگلینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا، جنوری میں ایشز دورے کے بعد پہلی بار انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اب تک ٹی 20 سیریز میں ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کو کافی مشکلات سے دوچار کیا ہے۔ ہندوستان پہلے دو میچ جیتنے کے بعد اس وقت پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے آگے ہے۔ تاہم اوول میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں باقاعدہ کپتان سیور برنٹ کی غیر موجودگی میں انگلینڈ نے ہندوستان کو قریبی مقابلے میں شکست دی۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی جس کا آغاز 16 جولائی سے ساؤتھمپٹن میں ہوگا۔ سیریز کا دوسرا میچ 19 جولائی کو لارڈز میں اور آخری میچ 22 جولائی کو چیسٹر لی سٹریٹ میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم انڈیا کے خلاف
نیٹ سیور برنٹ (کپتان)، ایم آرلوٹ، ٹامی بیومونٹ، لارین بیل، مایا باؤچر، ایلس کیپسی، کیٹ کراس، ایلس ڈیوڈسن-رچرڈز، چارلی ڈین، صوفیہ ڈنکلے، سوفی ایکلیسسٹون، لارین فائلر، ایمی جونز، ایما لیمب، لنسی اسمتھ۔