ممبئی//مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ پرتھوی شا اب گھریلو کرکٹ میں مہاراشٹرا کی نمائندگی کریں گے۔
مہاراشٹرا کرکٹ کے صدر روہت پوار نے کہا کہ شا کا بین الاقوامی اور آئی پی ایل کا تجربہ قیمتی ہے اور ٹیم آنے والے سیزن میں "پرتھوی کے اس نئے سفر میں پوری مضبوطی کے ساتھ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی”۔
پرتھوی شا نے ایک بیان میں کہا،”اپنے کیریئر کے اس مرحلے پر مہاراشٹر ٹیم سے جڑنا میرے کرکٹ کیریئر کی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا۔ میں ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کا برسوں تک دیے گئے مواقع اور حمایت کے لیے بے حد شکر گزار ہوں۔”
گزشتہ رنجی ٹرافی میں ٹیم کو سات میں سے صرف دو میچوں میں کامیابی ملی تھی اور وہ اپنے گروپ سے کوالیفائی نہیں کر سکی۔سید مشتاق علی ٹی-20 ٹرافی کے گروپ مرحلے میں بھی ٹیم کا جیت-ہار کا ریکارڈ 3-3 رہا، اور وہ پہلے ہی مرحلے میں باہر ہو گئی۔تاہم، وجے ہزارے ٹرافی کی ون ڈے ٹورنامنٹ میں مہاراشٹرا نے اپنے گروپ میں سرفہرست مقام حاصل کیا، لیکن سیمی فائنل میں ودربھ کے ہاتھوں شکست کھا گئے۔
پرتھوی شا نے 58 فرسٹ کلاس میچوں میں 46.02 کی اوسط سے 4556 رنز بنائے ہیں، لیکن گزشتہ برس انہیں خراب فٹنس اور نظم و ضبط کی کمی کے باعث ممبئی رنجی ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔انہوں نے آخری بار ممبئی کے لیے دسمبر 2024 میں سید مشتاق علی ٹرافی کے فائنل میں کھیل تھا۔لسٹ-اے میچوں میں انہوں نے 55.72 کی اوسط اور 125.74 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3399 رنز بنائے ہیں۔ٹی-20 میچوں میں ان کے نام 25.01 کی اوسط اور 151.54 کے اسٹرائیک ریٹ سے 2902 رنز ہیں۔انہیں آئی پی ایل 2025 کی بڑی نیلامی میں بھی کسی بھی فرنچائزی نے خریدا نہیں تھا۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ شا نے ممبئی سے ٹیم تبدیل کرنے کے لیے این او سی مانگا تھا ۔ جون کے آخر میں انہیں این او سی مل گیا۔ اس وقت شا نے کہا تھا،”اپنے کیریئر کے اس موڑ پر مجھے ایک اور ریاستی ایسوسی ایشن کے تحت پروفیشنل کرکٹ کھیلنے کا ایک اچھا موقع ملا ہے، جو مجھے بطور کرکٹر مزید ترقی دینے میں مدد دے گا۔”