بیروت//
لبنان میں حزب اللہ گروپ نے اسرائیل کی جانب سے ’حقیقی اور اسٹریٹجک خطرات‘ کا حوالہ دیتے ہوئے ہتھیارچھوڑنے سے انکار کر دیا ہے۔
حزب اللہ کے لیڈر نعیم قاسم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ گروپ اپنے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔
بدھ کے روز گروپ کے لیڈر نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں ایک پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئےکہا کہ’’ہمارے ہتھیار اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لیے ہیں اور ہم اس حق سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہوں گے۔’’
حزب اللہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ممکنہ حملے کے خلاف لبنان کے دفاع کے لیے اس کے ہتھیار ضروری ہیں۔
نعیم قاسم نے اپنے خطاب میں کہا ’’اسرائیل ایک حقیقی اور اسٹریٹجک خطرہ ہے، نہ صرف فلسطین اور لبنان بلکہ پورے خطے کے لیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک مزاحمتی گروہ ہیں، ہمارا فرض مزاحمت اور مقابلہ کرنا ہے۔
حزب اللہ کے رہنما نے لبنان کے اندرونی معاملات میں کسی بھی غیر ملکی مداخلت کو بھی مسترد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’’اسلحہ جیسے مسائل لبنان کے اندرونی معاملات ہیں ،جنہیں لبنانی عوام کے درمیان حل کیا جانا چاہیے۔’’اسرائیل کو ہمارے قومی معاملات میں مداخلت یا نگرانی کا کوئی حق نہیں ہے‘‘۔