دمشق//
شام کے جنوبی صوبے سویدا میں طبی انخلاء کے قافلے پر منگل کو گھات لگا کر کیے گئے حملے میں سکیورٹی فورسز کے دو ارکان ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ثنا نے یہ اطلاع دی ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ گھات لگا کر حملے میں سویدا سے زخمی شہریوں کو لے جانے والی سکیورٹی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ شہری گذشتہ ہفتے سویدا کے دیہی علاقوں میں السورہ قصبے میں مسلح جھڑپوں کے بعد قریبی صوبے درعا میں زیر علاج تھے۔
مبینہ طور پر اس قافلے پر ’نام نہاد ملٹری کونسل سے وابستہ غیر قانونی گروپوں‘ نے سویدا واپس جاتے وقت حملہ کیا تھا۔
ایجنسی نے ایک سکیورٹی اہلکار کے حوالے سے کہا کہ یہ واقعہ ڈروز مذہبی لیڈر کے ساتھ پہلے کئے گئے مقامی مصالحتی معاہدے کو نقصان پہنچانے کے مقصد سے ایک ’خطرناک اضافے‘ کی نمائندگی کرتا ہے ۔
اہلکار نے حملہ آوروں پر الزام لگایا کہ وہ’’فریب اور تخریب کاری‘‘ کا سہارا لے کر سویدا میں نازک استحکام کو متاثر کرنے کے ارادے سے کام کر رہے ہیں۔
حالیہ دنوں میں سویدا میں فرقہ وارانہ تشدد اور ڈروز گروپوں اور حکومت کی حامی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے بعد کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔