نئی دہلی// ‘آپریشن سندور’ کی کامیابی پر ہندوستانی فوج کو مبارکباد دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی( اے اے پی) نے بدھ کو کہا کہ پہلگام حملے کے جواب میں فوج نے بہادری کا مظاہرہ کیا اور پاکستان میں سرگرم کئی دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا۔
اے اے پی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال، پارٹی کے سینئر رہنما منیش سسودیا، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان، پارٹی کے دہلی ریاستی صدر سوربھ بھاردواج اور دہلی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر آتشی سمیت کئی رہنماؤں نے ہندوستانی کے بہادر فوجیوں کو مبارکباد دی ہے اور ان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
مسٹر کیجریوال نے منگل کو ہندوستانی فوج کو آپریشن سندور کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہاکہ "ہمیں ہندوستانی فوج اور اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں 140 کروڑ ہندوستانی ہندوستانی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہندوستانی فوج کی جرات ہر شہری کا عقیدہ ہے ۔ ہم سب ساتھ ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔”
مسٹر سسودیا نے کہا کہ ہندوستانی فوج اور ہمارے بہادر سپاہیوں نے ایک بار پھر ہمارا سر فخر سے بلند کیا ہے ۔ یہ صرف دہشت گردانہ حملے کا جواب نہیں ہے بلکہ ہر ہندوستانی کی عزت کی حفاظت ہے ۔ ہماری فوج کی جرات اور بہادری کو سلام۔ آج فخر کے ساتھ پورا ملک دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ۔ جے ہند
پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے ‘آپریشن سندور’ کی کامیابی پر کہاکہ”دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پورا ملک متحد ہے ۔ ہمیں اپنی ہندوستانی فوج اور اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے ۔ 140 کروڑ ہم وطن ہندوستانی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پنجاب کے عوام فوجیوں کے حوصلے اور جوش و جذبے کے لیے ملکی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
اے اے پی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کی نیک خواہشات ہندوستانی فوج کے ساتھ ہیں۔ ہم سب فوج کی جرات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بڑی ہمت اور بہادری کے ساتھ ہندوستانی فوج نے دشمن کے علاقے میں گھس کر دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ہے ۔ پورے ملک کے 140 کروڑ لوگ اس لمحے کا انتظار کر رہے تھے ۔ ہندوستانی فوج نے آپریشن سندور کے ذریعے اسے حقیقت بنا دیا ہے ۔