نئی دہلی// دہلی کیپٹلس اور کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان منگل کی رات کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیموں کے کپتان اکشر پٹیل اور اجنکیا رہانے فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہوگئے۔
کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی اننگز کے 18 ویں اوور میں روومین پاول کے شاٹ کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے دہلی کے کپتان اکشر پٹیل کا ہاتھ فیلڈنگ کے دوران پریکٹس پچ پررگڑ کھاگیا۔ اس کے بعد فزیو پیٹرک فرہاٹ میدان میں آئے اور اکشر ان کے ساتھ میدان سے باہر چلے گئے۔
انہوں نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ دوسری اننگز میں اکشر بیٹنگ کے لیے آئے اور انہوں نے 23 گیندوں میں 43 رنز بنائے لیکن اس دوران ان کے ہاتھ میں درد تھا۔ انہوں نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہاکہ "پریکٹس پچ پر چھلانگ لگانے کے بعد میری ہتھیلی پر خراش آ گئی۔ جب بھی میں شاٹ مارتا تھا تو مجھے درد محسوس ہوتا تھا، لیکن خوش قسمتی سے ہمارے پاس ایس آر ایچ کے خلاف اگلے میچ سے پہلے 3-4 دن کا وقفہ ہے، اس وقت تک امید ہے کہ میں مکمل طور پر صحت یاب ہو جاؤں گا۔‘‘
اس دوران کے کے آر کے کپتان اجنکیا رہانے فاف ڈو پلیسس کی شاٹ روکنے کے دوران زخمی ہو گئے۔ اس کے بعد رہانے فوراً میدان سے نکل گئے اور فیلڈنگ کے لیے نہیں آئے اور وہ ہاتھ پر پٹی باندھے ہوئے نظر آئے۔ سنیل نارائن نے بقیہ نو اوورز میں کپتانی کی۔
میچ کے بعد رہانے نے کہا کہ یہ چوٹ اتنی سنگین نہیں ہے اور میں جلد ہی ٹھیک ہو جاؤں گا۔
کے کے آر کے نمائندے نے کہا کہ ابتدائی تشخیص کی بنیاد پر چوٹ زیادہ سنگین نہیں ہے لیکن ٹیم فزیو پرشانت پنچدا بدھ کی صبح اس کا معائنہ کریں گے۔ کے کے آر کا اگلا میچ 4 مئی کو کولکتہ میں راجستھان رائلز (آر آر) کے خلاف ہونا ہے۔