سری نگر//سابق کرکٹرعرفان پٹھان کا کہنا ہے کہ کشمیر کے نوجوانوں میں کرکٹ کا بے مثال جذبہ ہے لیکن انہیں بہترین مواقع اور بنیادی ڈھانچہ میسر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن اس کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔
موصوف کرکٹر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے اپک وکٹری کرکٹ لیگ(ای وی سی ایل) کو لانچ کرتے ہوئے کہا کہ اس نئی لیگ کا مقصد کشمیر میں نوجوان کرکٹ کھلاڑی میں جو صلاحیتیں ہیں ان کو نکھا را جائے۔
ان کا کہنا تھا: ‘میں نے خود کپوارہ اور بارہمولہ کے نوجوان کرکٹرز کو دیکھا ہے جن میں کرکٹ کے تئیں جنون ہے لیکن انہیں مناسب تربیت میسر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای وی سی ایل نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ اتر پردیش اور پنجاب جیسی ریاستوں کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک انتہائی ضروری پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔
عرفان پٹھان نے کہا کہ لیگ میں ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ اور تجربہ کار گھریلو کھلاڑیوں کا امتزاج پیش کیا جائے گا، جس سے کھلاڑیوں کو سیکھنے کا موقع میسر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی زندگیاں تبدیل کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم ہوگا۔
انہوں نے کشمیر میں کرکٹ کے بہتر انفراسٹرکچر کی فوری ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ ‘بہت سے اضلاع اب بھی میٹنگ وکٹوں پر کھیلتے ہیں اگر ہم کھلاڑیوں کو قومی سطح کے مقابلوں کے لیے تیار کرنا چاہتے ہیں تو ٹرف وکٹیں وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے سے خواتین کرکٹرز کا اضافہ متاثر کن ہے اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوان، لڑکے ہوں یا لڑکیاں اپنی شناخت بنانے کے لیے بے چین ہیں۔
مسٹر پٹھان نے کہا کہ وادی کے دور افتادہ علاقوں کے نوجوانوں میں بھی کرکٹ کا جنون پایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 15 جون سے یکم جولائی تک شیڈول ہونے والی یہ لیگ جموں و کشمیر، اتر پردیش، پنجاب اور دیگر خطوں کے نوجوان، ناتجربہ کار کرکٹرز کو تجربہ کار گھریلو کھلاڑیوں کے ساتھ ایک منفرد مینٹرشپ پر مبنی ایک فارمیٹ ہے۔