ممبئی// سابق بھارتی کرکٹر ونود کامبلی، جو زندگی کے ایک مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں، کو اب لیجنڈری بلے باز سنیل گواسکر کی جانب سے مالی سہارا ملنے لگا ہے۔گواسکر کی چیمپس فانڈیشن (CHAMPS Foundation) نے باضابطہ طور پر کامبلی کو ماہانہ مالی مدد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اب کامبلی کو بی سی سی آئی سے ملنے والی 30,000 روپے پنشن کے علاوہ گواسکر کی فانڈیشن سے بھی ہر ماہ 30,000 روپے اضافی ملیں گے۔
اس طرح ان کی مجموعی ماہانہ آمدنی 60,000 روپے ہو جائے گی، جو ان کے علاج اور اہل خانہ کی ضروریات کے لیے بڑا سہارا بنے گی۔رواں سال کے آغاز میں وانکھیڑے اسٹیڈیم، ممبئی میں ایک تقریب کے دوران کامبلی نے سنیل گواسکر سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر کامبلی، جو بمشکل چل پا رہے تھے، نے گواسکر کے قدموں کو چھو کر اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
گواسکر نے نہ صرف کامبلی کی مالی حالت کا نوٹس لیا بلکہ ان کے معالج سے بھی براہ راست رابطہ کیا۔
ونود کامبلی حال ہی میں پیشاب کی نالی میں انفیکشن اور دماغ میں خون کے لوتھڑے جیسی سنگین بیماریوں میں مبتلا رہے ہیں۔ ان کی کمزوری اور بگڑتی ہوئی صحت کی تصاویر اور ویڈیوز نے مداحوں کو بھی پریشان کر دیا تھا۔گواسکر کی فانڈیشن نے کامبلی کے لیے سالانہ 30,000 روپے اضافی صحت کے اخراجات کے لیے مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس جذبہ ہمدردی پر کامبلی کی اہلیہ آندریا ہیوٹ نے سنیل گواسکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مدد ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔
یاد رہے کہ ونود کامبلی نے بھارت کے لیے اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 3000 سے زائد رنز بنائے تھے، اور ان کی تیسری اور چوتھی ٹیسٹ اننگز میں لگاتار ڈبل سنچریاں(انگلینڈ اور زمبابوے کے خلاف)آج بھی یادگار کارناموں میں شمار ہوتی ہیں۔