نئی دہلی// عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے کہا کہ دہلی میں بار بار بجلی کٹوتی سے پریشان لوگ اب سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔
اے اے پی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پر بجلی کی کٹوتی کے خلاف احتجاج کرنے والے لوگوں کا ایک ویڈیو شیئر کیا اور کہا کہ انہوں نے صرف دو ماہ میں دہلی کا کیا حال کردیا؟
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر آتشی نے کہا کہ دہلی میں لگاتار بجلی کی کٹوتی سے پریشان لوگ اب سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اور وزراء کے خلاف ہلا بول ہورہا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پول اور جملے عوام کے سامنے آگئے ہیں اور اب عوام بی جے پی کے ایک ایک جھوٹ کا حساب لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے لوگ بجلی کٹوتی سے اتنے پریشان ہیں کہ بی جے پی لیڈروں کو دیکھ کر کوسنے لگتے ہیں۔
ایک اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے محترمہ آتشی نے کہا کہ سری نواسپوری میں پچھلے ڈیڑھ ماہ سے گندا پانی آ رہا ہے ۔ آج جب پانی کے وزیرپرویش ورما ان کے علاقے میں آئے تو پولیس نے انہیں دھکے مارکر بھگادیا۔ بی جے پی حکومت کے وزرا عام لوگوں سے ملنے سے اتنے ڈرتے کیوں ہیں؟
دوسری طرف اے اے پی لیڈر عادل احمد خان نے ایکس پر کہا کہ صرف دو مہینوں میں دہلی والوں کا بی جے پی حکومت سے اعتماد اٹھ گیا ہے ۔ لمبے لمبے پاور کٹ سے پریشان ہوکر خواتین نے ہفتہ کو سرینواسپوری میں وزیر پرویش ورما کا گھیراؤ کیا اور ان کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ عوام کا غصہ دیکھ کر پرویش ورما وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے ۔