نئی دہلی//صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے افسروں سے کہا ہے کہ وہ غریبوں اور محروم طبقات کو ذہن میں رکھتے ہوئے پالیسیوں اور پروگراموں کو نافذ کریں۔
محترمہ مرمو نے آج یہاں راشٹرپتی بھون میں لال بہادر شاستری نیشنل اکیڈمی آف ایڈمنسٹریشن میں 126 ویں انڈکشن ٹریننگ پروگرام میں حصہ لینے والے ریاستی سیول سروسیز کے افسران سے ملاقات کی۔
صدر جمہوریہ نے اس موقع پر افسروں کو مشورہ دیا کہ وہ انتظامی کام کاج اور حکومتی پالیسیوں اور پروگراموں کے نفاذ میں قومی اور جامع طتریقہ اپنائیں ۔
محترمہ مرمو نے کہا کہ حکمرانی کا جوہر جوابدہی اور عوام کی ضروریات کے تئیں حساسیت میں مضمر ہے ۔ شہریوں پر مبنی گورننس لوگوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتی ہے ، جس میں غریبوں اور پسماندہ لوگوں پر توجہ دی جاتی ہے ۔ صدر جمہوریہ نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ پالیسیوں اور پروگراموں کو اس انداز میں نافذ کیا جائے جو ان کے خدشات کو مؤثر طریقے سے دور کرے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جو فیصلے کرتے ہیں اور جن پالیسیوں پر عمل درآمد کرتے ہیں ان سے ملک اور عوام کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیے ۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی انحطاط کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ماحول دوست اقدامات کو فروغ دینا ضروری ہے ۔ نیز، ترقی کے ثمرات معاشرے کے تمام طبقوں، خاص طور پر محروم اور پسماندہ طبقے تک پہنچنا چاہیے ۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ اپنے کام کاج میں پائیداری اور جامعیت کے اصولوں کو برقرار رکھیں۔