نئی دہلی//روس-یوکرین کے تنازعہ میں اب تک روسی فوج میں خدمات انجام دینے والے 12 ہندوستانی شہری ہلاک ہوچکے ہیں، جب کہ روس نے 16 ہندوستانیوں کو لاپتہ قرار دیا ہے ۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے آج پریس بریفنگ میں کہا کہ یوکرین کی جنگ میں جان گنوانے والے کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ہندوستانی شہری بنل بابو کی لاش ہندوستان واپس لائی جارہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو میں ہندوستانی سفارت خانہ کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک دوسرے شخص کے رشتہ داروں سے رابطے میں ہے جو جنگ میں زخمی ہوا تھا، اور اسے ڈسچارج کرکے ہندوستان واپس لایا جائے گا۔
جیسوال نے کہا کہ آج تک، روسی فوج میں خدمات انجام دینے والے ہندوستانی شہریوں کے 126 معلوم معاملات کا پتہ چلا ہے ۔ ان میں سے 96 کو روسی فوج نے چھٹی دے دی ہے اور وہ ہندوستان واپس آگئے ہیں، جب کہ 12 ہندوستانی اس جنگ میں ہلاک ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 18 ہندوستانی شہری اب بھی وہاں موجود ہیں جن میں سے "16 کو روسی فوج نے لاپتہ قرار دیا ہے "۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان روسی فوج میں کام کرنے والے ہندوستانیوں کی جلد رہائی اور وطن واپسی کے لیے روس کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔
14 جنوری کو، ایم ای اے کے ترجمان نے کہا تھا کہ ہندوستان نے کیرالہ سے تعلق رکھنے والے ایک ہندوستانی شہری کی موت کے معاملے کو روس کے ساتھ سختی سے اٹھایا ہے اور روس میں خدمات انجام دینے والے تمام ہندوستانی شہریوں کی جلد از جلد رہائی کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے ۔