نئی دہلی،//کانگریس کی رکن پرینکا گاندھی واڈرا کو وقفہ صفر کے دوران اپنے مکمل خیالات کا اظہار کرنے کا موقع نہ دینے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کانگریس اور دراوڑ منیتر کزگم کے اراکین نے آج لوک سبھا سے واک آؤٹ کیا۔
محترمہ واڈرا وقفہ صفر کے دوران بنگلہ دیش میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم اور 1971 کی بنگلہ دیش جنگ کے دوران ہتھیار ڈالنے والے پاکستانی فوجیوں کی تصویروں کو آرمی ہیڈ کوارٹر لاؤنج سے ہٹانے کا معاملہ اٹھا رہی تھیں، تبھی پریزائیڈنگ آفیسر سندھیا رائے نے ایک دیگر رکن کا نام پکاردیا ۔ اس پر کانگریس کے اراکین نے اپنی اپنی نشستوں پر کھڑے ہو کر انہیں بولنے کے لئے مزید وقت دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انہیں روکنے کی بجائے انہیں اپنی حد تک بولنے کا موقع دیا جانا چاہئے ۔ کانگریس اور ڈی ایم کے اراکین نے محترمہ واڈرا کو دوبارہ بولنے کا موقع نہ دینے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔
قبل ازیں محترمہ پرینکا واڈرا نے کہا کہ بنگلہ دیش میں ہندوؤں اور عیسائیوں پر تشدد کیا جا رہا ہے ، حکومت کو اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے اور بنگلہ دیش کی حکومت سے بات کر کے وہاں اقلیتوں پر ہونے والے حملوں کو روکنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ وہاں ہندوؤں اور عیسائیوں پر حملے ہو رہے ہیں، حکومت کو اس کے خلاف بولنا چاہیے اور ان اقلیتوں کی مکمل حمایت کرنی چاہیے جن پر تشدد ہو رہا ہے ۔