نئی دہلی//
حکومت نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل۲۴نومبر کو روایتی کل جماعتی میٹنگ طلب کی ہے ۔
پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ میٹنگ پارلیمنٹ کے آئندہ سرمائی اجلاس کے پیش نظر بلائی گئی ہے ۔
رجیجو نے کہا کہ سرمائی اجلاس۲۵نومبر سے شروع ہوکر ۲۰دسمبر کو ختم ہوگا۔ اجلاس کا مقصد اپوزیشن جماعتوں کو قانون سازی کے ایجنڈے کے بارے میں جانکاری دینا اور بحث کے موضوعات پر تبادلہ خیال کرنا ہے ۔
اس کے علاوہ آئین کی۷۵ویں سالگرہ کے موقع پر پرانے پارلیمنٹ ہاؤس میں سمویدھان سدن میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔
دریں اثنا لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے منگل کو آئندہ سرمائی اجلاس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں مختلف انتظامات اور سہولیات کا معائنہ کیا۔
برلا نے لوک سبھا چیمبر، راہداریوں، لابیوں، انتظار گاہوں، میڈیا سہولت مراکز اور دیگر اہم شعبوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کریں۔
اسپیکر نے بتایا کہ سرمائی اجلاس کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں کئی اہم پروگرام منعقد کیے جائیں گے جن میں یوم آئین، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مہاپری نروان دن اور پارلیمنٹ پر حملے کی برسی پرشہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنا شامل ہے ۔ انہوں نے کہا’’اس سال کا یوم آئین خاص ہے کیونکہ اس سال ہندوستانی آئین کو اپنانے کی۷۵ویں سالگرہ منائی جارہی ہے ‘‘۔
لوک سبھا اسپیکر نے تمام ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ پورے اجلاس میں صفائی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے مؤثر طریقے سے تعاون کریں۔
برلا نے پارلیمنٹ ہاؤس میں انڈیا ٹورزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (آئی ٹی ڈی سی) کے ذریعہ فراہم کی جانے والی کیٹرنگ خدمات کا بھی جائزہ کیا اور متعلقہ ایجنسیوں کو صفائی اور حفظان صحت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
اسپیکر نے کمپلیکس میں سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ ارکان پارلیمنٹ کی بلا رکاوٹ رسائی کو یقینی بنانے اور سیکورٹی کے اعلیٰ ترین معیارات کو برقرار رکھنے کے درمیان توازن برقرار رکھیں۔