اسلام آباد// قومی کرکٹر فخر زمان جو ان دنوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ میں مصروف ہیں انہوں نے اپنی ٹریننگ کی چند تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور کیپشن میں لکھا کہ آگے بڑھنے کے لیے رکاوٹوں کو توڑنا ہو گا، اسی طرح آگے بڑھتے رہو۔فخر زمان کی ٹوئٹ پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں، ایک صارف کا کہنا تھا کہ مضبوط رہیں آپ کے چاہنے والے آپ کے ساتھ ہیں۔
ایک ایکس صارف نے کہا کہ فخر زمان کو پاکستان اور آسٹریلیا کے میچ کے لیے اس وقت آسٹریلیا میں ہونا چاہیے۔ایک صارف نے فخر زمان کی ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ محمد رضوان اپنے کھلاڑیوں کے لیے کھڑا نہیں ہوا اور سمجھوتہ کرنے والا کپتان بن گیا۔
ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ فخر زمان کو آسانی سے ٹیم سے باہر نہیں کیا جا سکتا اور اس وقت اسکواڈ میں کوئی بھی کھلاڑی ایسا نہیں ہے جو ایسی اننگز کھیل سکے جو فخر زمان نے ورلڈ کپ 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف چناسوامی میں کھیلی تھی۔
یاد رہے کہ فخر زمان نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دو میچز میں بابر اعظم کو آرام دیے جانے پر پی سی بی کے فیصلے پر سوال اٹھایا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ جب ویرات کوہلی آٹ آف فارم تھے تو انہیں آرام نہیں دیا گیا تھا تو بابر کو کیوں دیا گیا جس کے بعد فخر کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا۔فخر نے شوکاز نوٹس کے جواب میں واضح کیا ہے کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک ہیں اور اسی لیے وہ اپنی رائے کے اظہار پر مجبور ہوئے۔فخر زمان کے مطابق انہیں یقین ہے کہ بابر اعظم مشکل وقت میں ایک موقع کے مستحق تھے، جو بطور ساتھی کھلاڑی پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کی عکاسی کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ پی سی بی ہمارا ادارہ ہے اور ہم اس کا احترام کرتے رہیں گے۔