نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ اڑان اسکیم نے ہندوستان کے ہوا بازی کے شعبے کی تصویر بدل دی ہے اور ملک کے کروڑوں لوگوں کے لئے ہوائی سفر آسان ہو گیا ہے ۔
واضح رہے کہ مودی حکومت نے عام آدمی کے لیے ہوائی سفر کو قابل رسائی بنانے کے مقصد سے اُڑے دیش کا عام آدمی (یو ڈی اے این) اسکیم شروع کی تھی اور اس کے تحت ایئر لائن کمپنیوں کو مختصر وقت میں خدمات فراہم کرنے کے لیے کچھ مالی مدد کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔
یہاں این ڈی ٹی وی گلوبل سمٹ 2024 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہاکہ ‘‘آج ہم اڑان کے آٹھ سال کا جشن منا رہے ہیں، ایک ایسی پہل جس نے ہندوستان کے ہوابازی کے شعبے کو بدل دیا ہے ۔ ہوائی اڈوں کی تعداد بڑھانے سے لے کر مزید ہوائی راستوں تک، اس اسکیم نے کروڑوں لوگوں کے لیے پرواز تک رسائی کو یقینی بنایا ہے ۔”
وزیر اعظم نے کہا کہ اڑان اسکیم نے تجارت کو فروغ دینے اور علاقائی ترقی کو آگے بڑھانے پر بڑا اثر ڈالا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ "آنے والے وقتوں میں ہم ہوا بازی کے شعبے کو مضبوط بناتے رہیں گے اور لوگوں کو اور بھی بہتر کنیکٹیویٹی اور آرام فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے ۔”
پچھلے 10 سالوں میں ہندوستان میں ہوائی اڈوں کی تعداد 74 سے بڑھ کر 150 سے زیادہ ہو گئی ہے ۔ اڑان اسکیم کے بعد مسافروں کی تعداد دوگنی سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ اس سے پہلے ملک میں ہر سال 17 کروڑ مسافر ہوائی سفر کرتے تھے ۔ یہ تعداد 38 کروڑ تک پہنچ گئی ہے ۔
حکومت نے پچھلے 10 سالوں میں کئی چھوٹے اور درمیانے شہروں کو فضائی نیٹ ورک سے جوڑا ہے ۔ ہندوستان آج شہری ہوا بازی کی خدمات کا تیسرا سب سے بڑا بازار ہے ۔
مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن انڈگو کو چلانے والی کمپنی انٹرگلوب کے منیجنگ ڈائریکٹر راہل بھاٹیہ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہاکہ‘‘یہ حکومت جس طرح ہوا بازی کے شعبے میں کام کر رہی ہے ، ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔’’