نئی دہلی// مرکزی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا نے آج کہا کہ ہندوستان نے دنیا بھر کے ممالک کے لئے ضروری ادویات، ویکسین اور طبی سازوسامان تک سستی رسائی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور وہ صحت کی خدمات فراہم کر رہا ہے ۔ بنیادی ڈھانچے کو تیزی سے وسعت دے کر ملکی اور عالمی مطالبات کو پورا کرنے کے لیے ویکسین کی پیداوار میں اضافہ کیا گیا ہے ۔
یہاں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹیز کی 19ویں بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر نڈا نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی ترقی سے الگ نہیں ہے اور اس طرح ہندوستان عالمی صحت کی سلامتی اور استحکام میں اپنا حصہ اپنا رول ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ملک میں محفوظ اور موثر ادویات اور طبی آلات کو منظور کرنے اور دنیا کے 200 سے زیادہ ممالک کو ان کی برآمد کے لیے مضبوط نظام تیار کیا ہے ۔
یہ کانفرنس پہلی بار ہندوستان میں منعقد کی جا رہی ہے جس میں عالمی ادارہ صحت کے 194 سے زیادہ رکن ممالک کے ریگولیٹری حکام، پالیسی ساز اور صحت کے حکام شرکت کر رہے ہیں۔ یہ کانفرنس 18 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ سینٹرل ڈرگ اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن ( سی ڈی ایس سی او ) اس کا مرکزی منتظم ہے ۔
مسٹر نڈا نے صحت کے عالمی معیار کو بلند کرنے اور صحت عامہ کے تحفظ کے لیے مشترکہ عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے اپنے صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو تیزی سے وسعت دی ہے اور گھریلو اور عالمی مطالبات کو پورا کرنے کے لئے ویکسین کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فارماسیوٹیکل سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے لیے فارماسیوٹیکل مصنوعات کے ٹاپ 300 برانڈز پر بار کوڈ یا کوئیک رسپانس کوڈ فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ "واسودھیوکٹمبکم” کے اصول سے متاثر ہو کر، ہندوستان نے کووڈ وبائی مرض کے دوران جان بچانے والی ادویات اور ویکسین فراہم کرکے 150 سے زیادہ ممالک کی مدد کی۔ بین الاقوامی یکجہتی کا یہ جذبہ عالمی صحت کے تئیں ہندوستان کے نقطہ نظر کا مرکز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معیاری ادویات کی سستی قیمتوں پر دستیابی اس کا بنیادی ہدف ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آٹھ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں جبکہ دو زیر تعمیر ہیں۔ درآمد کی جانے والی ادویات اور خام مال کی تیز رفتار جانچ کے لیے مختلف بندرگاہوں پر آٹھ منی ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، 38 ریاستی ڈرگ ریگولیٹر ٹیسٹنگ لیبارٹریز ہیں۔ مجموعی طور پر ریگولیٹری نگرانی کے نظام میں سالانہ ایک لاکھ سے زائد نمونوں کی جانچ کی جاتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی میں طبی آلات کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے ہندوستان میں طبی آلات کی صنعت کو بھی منظم کیا جا رہا ہے ۔ گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹس کے رہنما خطوط کو مزید جامع اور رہنما خطوط کے ساتھ ہم آہنگ بنانے کے لیے منشیات کے ضوابط میں ترمیم کی گئی ہے ۔