نئی دہلی/۱۳جون
وزیر اعظم نریندر مودی نے جموں و کشمیر میں گزشتہ چار دنوں میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان چار تصادم وں کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
وزیر اعظم مودی نے وزیر داخلہ امیت شاہ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے بات چیت کی۔ وزیر اعظم کو مرکز کے زیر انتظام علاقے کی سلامتی سے متعلق صورتحال اور مسلح افواج کے ذریعہ کی جانے والی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا مکمل جائزہ دیا گیا۔
ذرائع نے این ڈی ٹی وی کو بتایا کہ وزیر اعظم نے حکام سے کہا ہے کہ وہ مسلح افواج کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیتوں کا پورا حصہ بروئے کار لائیں۔
وزیر اعظم نے شاہ سے بات کی اور سیکورٹی فورسز کی تعیناتی اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی بات کی اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہیں مقامی انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
گزشتہ روز جموں و کشمیر کے ڈوڈہ ضلع میں ایک تازہ تصادم ہوا جس میں ایک فوجی زخمی ہوگیا۔ گزشتہ 96 گھنٹوں یا چار دنوں میں ڈوڈہ میں یہ دوسرا اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں چوتھا حملہ تھا۔ 9 جون کو دہشت گردوں نے ریاسی ضلع میں ایک بس میں سوار زائرین پر حملہ کیا تھا جس میں نو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
پرسوں جنوبی کٹھوعہ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان انکاو¿نٹر ہوا تھا۔
ایک سینئر پولیس افسر نے آج صبح بتایا تھا کہ تین سے چار دہشت گردوں پر مشتمل ایک گروپ ڈوڈہ کے اونچے علاقوں میں موجود تھا اور انہیں مشکل علاقے میں بے اثر کرنے کے لئے سرچ آپریشن جاری ہے۔
راشٹریہ رائفلز کے پانچ جوان اور ایک اسپیشل پولیس افسر (ایس پی او) منگل کی رات اس وقت زخمی ہوگئے جب دہشت گردوں نے پہاڑی ضلع میں بھدرواہ پٹھان کوٹ روڈ پر چترگالا کے بالائی علاقوں میں ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
محاصرے کو مضبوط بنانے کے لئے علاقے میں کمک بھیج دی گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈوڈہ میں دہشت گردی سے متعلق یہ دوسرا اور جموں و کشمیر میں تین دنوں میں چوتھا واقعہ ہے۔
اس سے قبل منگل کی شام چترگلہ پاس میں ایک دہشت گردانہ حملے میں راشٹریہ رائفلز کے پانچ جوان اور ایک اسپیشل پولیس افسر زخمی ہوگئے تھے۔
ایک اور واقعہ میں ضلع کٹھوعہ میں سیکورٹی فورسز نے ایک مشتبہ پاکستانی دہشت گرد کو مار گرایا۔ چہارشنبہ کے روز ایک دوسرے دہشت گرد کو بھی مار گرانے کے بعد رات بھر کا انکاو¿نٹر ختم ہوا۔ کارروائی میں سی آر پی ایف کا ایک جوان ہلاک ہو گیا۔